بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے فیڈرل کانسٹیبلری کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی میں لیڈرشپ اینڈ مینجمنٹ کورس کی اختتامی تقریب، سپریم کورٹ کے ججز کی شرکت
اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں فیڈرل کانسٹیبلری کے 2 ونگز پر مشتمل تقریباً 3 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
اجلاس میں وفاقی و صوبائی اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جس میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال، افغان مہاجرین کی واپسی، حوالہ ہنڈی اور بھتہ خوری، اسمگلنگ کے خاتمے سمیت اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی این سی سی آئی اور آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری نے متعلقہ امور پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں بلوچستان میں ایف آئی اے کو مزید فعال بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور تمام خالی اسامیوں پر مقامی افراد کی بھرتی کی جائے گی۔
وفاقی اور صوبائی حکومت نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کو مزید موثر بنانے پر اتفاق کیا جبکہ ریاست کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان حکومت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔
مزید پڑھیے: فرنٹیئر کانسٹیبلری اب فیڈرل کانسٹیبلری ہوگی، طلال چوہدری
اس موقعے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ بلوچستان کے حالات سے مکمل آگاہ ہیں اور امن کے قیام کے لیے ہر ممکن معاونت جاری رکھی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پوری قوت اور عزم کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف سیکیورٹی فورسز کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روز اول واضح کر چکے ہیں کہ ریاست کی عمل داری ہر صورت یقینی بنائیں گے اور آج بلوچستان کی کوئی شاہراہ احتجاج کے نام پر بند نہیں ہوتی۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں دہشتگردی کے 70 فیصد سے زائد واقعات میں افغان ملوث، سہیل آفریدی تاحال لاعلم
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بحالی امن کے لیے وفاقی حکومت کی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی یکجہتی کے ذریعے دہشتگردی کو شکست دی جائے گی۔













