آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے راولپنڈی میں اہلِ تشیع مکتبِ فکر کے علمائے کرام سے ملاقات کی، جس میں قومی سلامتی، معاشرتی ہم آہنگی اور علما کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے معاشرے میں اتحاد، رواداری اور قومی یکجہتی کے فروغ میں علما کے کلیدی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وہ غلط معلومات، فرقہ وارانہ بیانیے اور بیرونی حمایت یافتہ عدم استحکام کی کوششوں کا مؤثر مقابلہ کریں۔
آپریشن ’غضبُ اللحق‘ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین کے خلاف دہشتگردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔
ISPR
Rawalpindi, 19 March 2026
Field Marshal Syed Asim Munir, NI (M), HJ, COAS & CDF, interacted with Ulema of Ahl-e-Tasheeh community at Rawalpindi where matters of national security and role of Ulema in societal harmony came under discussion.@AmirSaeedAbbasi @alihamzaisb pic.twitter.com/5t5pTUIFFw— Media Talk (@mediatalk922) March 19, 2026
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے خلاف سرگرم دہشتگردوں اور ان کے نیٹ ورکس کا جہاں کہیں بھی وجود ہوا، انہیں انٹیلی جنس کی بنیاد پر مؤثر کارروائیوں کے ذریعے ختم کیا جائے گا۔
انہوں نے افغان طالبان پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔
فیلڈ مارشل نے شرکا کو آگاہ کیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے فعال سفارت کاری کر رہا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ علما قومی اتحاد کو مضبوط بنانے اور انتہا پسندی کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں، اور مذہبی جذبات کو تشدد بھڑکانے کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔
مزید پڑھیں:پاکستان سعودی عرب کی سلامتی کے لیے پرعزم، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سعودی وزیر دفاع سے اہم ملاقات
انہوں نے واضح کیا کہ کسی دوسرے ملک میں پیش آنے والے واقعات کی بنیاد پر پاکستان میں تشدد ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ملاقات میں شریک علما نے ملک میں امن و استحکام کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے مذہب کے نام پر ہونے والے تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے امن و امان کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مکمل حمایت کا بھی اعلان کیا۔














