پاکستان کی معروف ٹیکنالوجی سروس کمپنی زونگ (Zong) نے اپنے فائیو جی لائسنس کے حصول کے ساتھ 16 سے زائد شہروں میں تجارتی طور پر فائیو جی خدمات کا آغاز کر دیا ہے، جن میں اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ شامل ہیں۔ یہ اقدام پاکستان میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی، جدت اور اقتصادی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہے۔
زونگ نے 2026 میں ملک بھر میں ایک ہزار سے زائد فائیو جی سائٹس کی تعیناتی اور اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ بھی تیار کیا ہے، جس سے پاکستان کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم میں رفتار، معیار اور اثر بڑھنے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں: مارچ میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی، انٹرنیٹ اسپیڈ میں 25 فیصد اضافے کا امکان: پی ٹی اے
کمپنی نے 2019 میں پاکستان میں پہلے فائیو جی ٹرائل سے لے کر آج مضبوط، کثیر شہروں پر محیط فائیو جی انفراسٹرکچر کی تعیناتی تک کا سفر مکمل کیا ہے۔ ٹرائلز میں 1.4گیا بائیٹس سے زائد سپیڈز حاصل کی جا چکی ہیں، جو زونگ کی تکنیکی مہارت اور نیٹ ورک انوویشن میں پیش رفت کو ظاہر کرتی ہیں۔
زونگ کی فائیو جی حکمت عملی کے 3 اہم ستون
01: عمدہ صارف تجربہ: کم لیٹنسی، اعلیٰ اعتبار، مسلسل کارکردگی اور جدید استعمال کے کیسز جیسے انٹرایکٹو گیمز، الٹرا ایچ ڈی ویڈیو اسٹریمنگ، اور جدید ڈیجیٹل لائف اسٹائل کی فراہمی۔
02: متنوع مصنوعات اور خدمات:فائیو جی کنیکٹیویٹی سے آگے، کلاؤڈ پلیٹ فارمز، انٹرپرائز ڈیجیٹائزیشن ٹولز، سمارٹ ہومز، ایکو سسٹمز، سی سی ٹی وی حل اور اسٹارٹ اپس، ایس ایم ایز اور بڑی صنعتوں کے لیے خصوصی پیشکشیں۔
03: اے آئی ایبلمنٹ: نیٹ ورک میں ذہانت، خودکار نظام، پیشگی مسئلہ شناخت اور نیٹ ورک کی بہتر پیشگوئی کے لیے ذاتی نوعیت کی مصنوعات اور بنڈلز کی سفارشات۔
مزید پڑھیں: فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کل ہوگی، صارفین پر بوجھ نہیں پڑے گا، وزرا کی پریس کانفرنس
چائنا موبائل لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی ہونے کے ناتے، زونگ عالمی تجربہ اور جدت کو پاکستان کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم میں لانے کے لیے کوشاں ہے، جو ڈیجیٹل پاکستان وژن اور پاکستان وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے۔
فائیو جی کے آغاز سے ملک کو ایک عالمی ٹیکنالوجی ہب کے طور پر مضبوط کرنے، اسمارٹ انڈسٹریز، صحت کے شعبے اور جدید زراعت میں بہتری کے امکانات بڑھنے کی توقع ہے۔














