بنگلہ دیش نے جیٹ فیول (ہوائی جہاز کے ایندھن) کی قیمتوں میں تقریباً 80 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ایئرلائنز کے آپریٹنگ اخراجات اور فضائی کرایوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش میں جیٹ فیول کی قیمتیں برقرار، 73 فیصد اضافے کا فیصلہ واپس
بنگلہ دیش انرجی ریگولیٹری کمیشن (بی ای آر سی) کے حکام کے مطابق یہ فیصلہ منگل کے روز ایک ہنگامی ورچوئل اجلاس میں کیا گیا جس میں کمیشن، بنگلہ دیش پیٹرولیم کارپوریشن (بی پی سی) اور پدما آئل کمپنی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
نئے فیصلے کے تحت اندرون ملک پروازوں کے لیے جیٹ فیول کی قیمت 112.41 ٹکہ فی لیٹر سے بڑھا کر 202.29 ٹکہ فی لیٹر کر دی گئی ہے یعنی فی لیٹر 89.88 ٹکہ یا تقریباً 80 فیصد اضافہ۔
بین الاقوامی پروازوں کے لیے ایندھن کی قیمت 0.7384 ڈالر فی لیٹر سے بڑھا کر 1.3216 ڈالر فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جو کہ تقریباً 79 فیصد اضافہ ہے۔
اجلاس میں موجود حکام کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 24 مارچ کی رات (25 مارچ کی ابتدائی ساعتوں) سے متوقع ہے جبکہ باضابطہ نوٹیفکیشن اسی رات بعد میں جاری کیا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیے: عید سے قبل بنگلہ دیش میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافہ، صارفین پریشان
ماہرین کے مطابق اس بڑے اضافے کے بعد بنگلہ دیش جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ جیٹ فیول قیمت رکھنے والے ممالک میں شامل ہو سکتا ہے جس سے ایئرلائنز کے اخراجات بڑھیں گے اور مسافروں کے لیے فضائی کرایوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔













