جیل میں موت کو قریب سے دیکھا، اداکار راجپال یادیو جذباتی ہوگئے

بدھ 25 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ کے معروف اداکار راجپال یادو کا کہنا ہے کہ حالیہ جیل کا تجربہ ان کے لیے نہایت کٹھن اور زندگی بدل دینے والا ثابت ہوا جسے وہ موت کے قریب لمحوں سے تشبیہ دیتے ہیں۔ تاہم ان کے بقول وہ ایک مضبوط انسان ہیں اور ہر مشکل سے نکلنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔

ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ رہائی کے بعد وہ خود کو ایک نئی زندگی کے ساتھ جوڑتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں خود کو ایسے محسوس کر رہا ہوں جیسے دوبارہ جنم لیا ہو بالکل ایک بچے کی طرح‘۔ مزید کہا کہ مشکل وقت میں دنیا بھر سے ملنے والی حمایت نے مجھے نئی طاقت دی۔

یہ بھی پڑھیں: کروڑوں روپے کمانے والے راجپال یادیو کنگال کیسے ہوگئے؟

راجپال یادو نے کہا کہ اس آزمائش کے دوران انہیں اپنے مداحوں، ساتھی فنکاروں اور عام لوگوں کی غیر معمولی محبت اور تعاون حاصل ہوا جس پر وہ خود کو ’پوری دنیا کا مقروض‘ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایسا قرض ہے جس میں وہ ہمیشہ رہنا چاہتے ہیں کیونکہ یہ محبت اور خلوص سے جڑا ہوا ہے۔

اداکار نے بچپن کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ دریائے گنگا میں ڈوبتے ڈوبتے بچے تھے اور اس لمحے انہوں نے موت کو بہت قریب سے محسوس کیا۔ پانی کے شدید دباؤ میں انہوں نے خود سے کہا کہ ہمت نہ ہارو اور اوپر آنے کی کوشش کرو۔ اسی جدوجہد نے انہیں بچا لیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’میرے پاس اب پیسے بھی نہیں‘، جیل جانے سے پہلے اداکار راجپال یادو جذباتی ہوگئے

ان کے مطابق یہی تجربہ ان کی زندگی کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا اور انہوں نے سیکھا کہ مشکل حالات میں ہمت اور حوصلہ ہی انسان کو بچاتا ہے۔ اسی لیے وہ خود کو ایک ’فائٹر‘ قرار دیتے ہیں جو ہر حال میں لڑتا ہے اور دوبارہ کھڑا ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زندگی میں سکون اور راحت کی اہمیت اب پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے اور وہ ہر لمحہ اطمینان کے ساتھ گزارنا چاہتے ہیں تاکہ لوگوں کو ہنسا سکیں اور اپنے فن کے ذریعے خوشیاں بانٹ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ اداکار راجپال یادو کو 6 ماہ قید کیوں سنائی گئی؟

یاد رہے کہ راجپال یادو کو 9 کروڑ روپے کے چیک باؤنس کیس میں عدالت کی جانب سے سزا سنائی گئی تھی جس کے بعد انہیں تہاڑ جیل منتقل کیا گیا تھا۔ ساتھی اداکاروں، پروڈیوسرز اور قریبی حلقوں کی مدد کے بعد وہ چند دن بعد جیل سے رہا ہو گئے تھے۔ اور اس مشکل وقت میں ملنے والی حمایت کو وہ اپنی زندگی کا سب سے بڑا سرمایہ قرار دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ راجپال یادو ایک بار پھر بڑے پردے پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔ وہ اپنی آنے والی فلم بھوت بنگلہ کی تشہیر میں مصروف ہیں جس میں ان کے ساتھ اکشے کمار، پریش راول، تبو اور وامیکا گبی بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس فلم کی ہدایت کاری معروف فلم ساز پریہ درشن نے کی ہے اور یہ ہارر کامیڈی فلم 10 اپریل کو سینما گھروں میں ریلییز کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp