اردن کے ولی عہد شہزادہ حسین اور شہزادی رجوہ کی شادی،1700 اہم شخصیات کی شرکت

ہفتہ 3 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اردن کے ولی عہد شہزادہ حسین کی شادی ایک سعودی آرکیٹیکٹ رجوہ آل سيف سے ہوئی ہے جس میں علاقائی اور عالمی رہنماؤں نے شرکت کی ہے۔ اردن کی شاہی شادی کی تقریب میں تقریباً 1700 اہم شخصیات مدعو تھیں۔

اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم اور ملکہ رانیہ کی موجودگی میں شادی کی یہ تقریب دارالحکومت عمان کے ظہران پیلس میں ہوئی۔

بشکریہ ٹوئٹر

شادی میں ایشیا اور یورپ کی شاہی شخصیات کے علاوہ امریکی خاتون اول جِل بائیڈن نے بھی شرکت کی، برطانیہ کے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ بھی اس شادی کے مہمان بنے ہیں۔

اردن کی اس شاہی شادی کی تقریب میں شرکت کرنے والی دیگر قابل ذکر شخصیات میں ہالینڈ کے بادشاہ ولیم الیگزینڈر اور ملکہ میکسیما، بیلجیئم سے بادشاہ فلپ، شہزادی الزبتھ اور ڈینمارک سے شہزادہ فریڈرک اور شہزادی میری شامل ہیں۔

بشکریہ ٹوئٹر

سعودی میڈیا کے مطابق ریاض میں پیدا ہونے والی اردن کی نئی شہزادی رجوہ آل سیف کے خاندان کا سعودی شاہی خاندان اورخاص طور پر ولی عہد محمد بن سلمان کے خاندان سے قریبی تعلقات ہیں۔

29 سالہ سعودی آرکیٹیکٹ اور نیویارک کی سائرا کیویز یونیورسٹی سے گریجویٹ رجوہ السیف کو اردن کی ولی عہد شہزادی کے نام سے جانا جائے گا اور جب ولی عہد تخت سنبھالیں گے تو ان کا لقب ملکہ رجوہ ہوگا۔

نکاح کی تقریب اسلامی روایات کے مطابق منعقد کی گئی، جہاں شاہی امام نے شادی سے متعلق مختصر درس دیا اور نکاح نامہ پر دستخط کروائے۔

شادی کے بعد ایک شاہی فرمان میں رجوہ آل سیف کو اردن کے ولی عہد شہزادہ حسین کی اہلیہ اور شہزادی کا درجہ دیا گیا۔

بشکریہ ٹوئٹر

تقریب کے بعد محل کے باہر پرجوش ہجوم نے خوشی کا اظہار کیا اور جھنڈے لہرائے۔ عربی روایت کے مطابق نئے جوڑے کو دارالحکومت میں چھ میل کے راستے پر موٹر کار قافلے کی صورت میں لے جایا گیا، سڑکوں کو نئے جوڑے کی تصاویر اور اردن کے پرچم سے سجایا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp