پی ٹی آئی کو 3 سالوں سے مسلسل دیوار سے لگایا جارہا ہے، سہیل آفریدی

بدھ 25 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو مسلسل تین سالوں سے دیوار سے لگایا جا رہا ہے اور دنیا میں ظلم و جبر کا کوئی نام نہیں جو بانی چیئرمین عمران خان اور پارٹی کے ساتھ نہ ہوا ہو۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے آج تمام وزرا کو بلایا گیا تھا تاکہ نیشنل اور انٹرنیشنل کرائسز پر میٹنگ کی جائے، تاہم بغیر کسی وجہ کے میٹنگ منسوخ کردی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے ملاقات کے لیے سہیل آفریدی پھر سرگرم، برف پگھلے گی؟

سہیل آفریدی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ میٹنگ میں شریک ہوں گے، لیکن بند کمروں میں فیصلے کیے جارہے ہیں جن کا کسی کو علم نہیں اور ان فیصلوں کا اثر صرف ایک خاندان پر نہیں بلکہ پورے پاکستان پر پڑے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستانی قوم نے عمران خان کو ووٹ دیا ہے اور قوم عمران خان کی پارٹی کے پیچھے کھڑی ہے، تاہم ان فیصلوں میں نہ عمران خان کو اعتماد میں لیا گیا اور نہ ہی پارٹی کو شامل کیا گیا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی شاہ خرچیاں بہت زیادہ ہیں اور 12 ارب روپے کے جہاز خریدنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ ان کے مطابق جب ادارے مفلوج ہوں گے، جیسے کہ جوڈیشری، نیب، صحافت اور دیگر، تو وہ پاکستان کے بارے میں کیوں سوچیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران جنگ کے باعث فیول سپلائی خدشات، عوام پر بوجھ ڈالنے کی حمایت نہیں کریں گے، سہیل آفریدی

انہوں نے اقتصادی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آج جی ڈی پی گروتھ 5 فیصد سے نیچے آگئی ہے، ایکسپورٹس تباہ ہوچکی ہیں، نوجوان ملک چھوڑنے کے راستے تلاش کررہے ہیں، اور زرعی پیداوار منفی میں جارہی ہے جبکہ کسی کو کسان کی فکر نہیں۔ پٹرول کی قیمت 321 روپے تک پہنچ چکی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر بندے کو اپنا وقت پورا کرنا چاہیے، جنہیں لایا گیا انہوں نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایسا نہ ہو کہ وقت گزر جائے اور پھر کوئی سنبھلنے والا نہ ہو۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp