خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں یکم اپریل سے 4 اپریل کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں شدید بارش، موٹروے پر مسافر گاڑیوں کا داخلہ عارضی طور پر بند
پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اس سلسلے میں تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی اضلاع جیسے چترال (اپر و لوئر)، سوات، شانگلہ، دیر (اپر و لوئر)، کوہستان (اپر و لوئر)، کولائی پالس، بونیر، ملاکنڈ، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔
اسی طرح میدانی علاقے جیسے پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، کرم، مہمند، خیبر، ہنگو، اورکزئی، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں اور ضلعی انتظامیہ کو مختلف خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈ کا خطرہ ہے۔
مزید پڑھیے: خیبرپختونخوا میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات، 17 افراد جاں بحق
علاوہ ازیں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور پیشگی اقدامات کریں۔ ساتھ ہی ریسکیو 1122 اور دیگر ہنگامی ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔
شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر رہیں اور بارش کے دوران تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے لہٰذا عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دے سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ٹریفک پولیس کی بارش کے دوران احتیاطی تدابیر جاری، شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں بارشوں کے نتیجے میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے اب تک 17 افراد جاں بحق ہونے اور 56 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوچکی ہیں۔














