اسلام آباد میں شدید بارش، موٹروے پر مسافر گاڑیوں کا داخلہ عارضی طور پر بند

پیر 30 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد میں شدید بارش کے باعث پشاور سے اسلام آباد موٹروے پر مسافر بردار گاڑیوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے، جبکہ حکام نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق یہ اقدام مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش

’۔۔۔ کیونکہ مسلسل بارش کے نتیجے میں سڑک پر پھسلن بڑھ گئی ہے اور حدِ نگاہ بھی متاثر ہو رہی ہے، جس سے حادثات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔‘

موٹروے پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بتایا گیا ہے کہ لاہور میں ایم-2 کو بھی ٹھوکر نیاز بیگ سے کوٹ مومن تک شدید بارش کے باعث بند کردیا گیا ہے۔

حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسمی حالات بہتر ہونے تک انتظار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ صورتحال معمول پر آتے ہی ٹریفک بحال کر دی جائے گی، جبکہ متعلقہ عملہ مسلسل حالات کی نگرانی کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات، 17 افراد جاں بحق

دریں اثنا، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، برفباری اور ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث کئی شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا ہے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔

ٹریفک پولیس کے افسران سڑکوں پر موجود رہتے ہوئے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp