پاکستان سپر لیگ 11 کے 10ویں میچ میں کراچی کنگز نے راولپنڈیز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں راولپنڈیز کے 198رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی جانب سے اعظم خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 34 گیندوں پر 74 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ کپتان ڈیوڈ وارنر نے 50 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا جبکہ سلمان آغا نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔
راولپنڈیز کی جانب سے ڈیرل مچل نے گیند بازی میں 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ اور محمد عامر ایک، ایک وکٹ لے سکے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8وکٹوں سے شکست دیدی
اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر راولپنڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، راولپنڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے، راولپنڈیز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور کپتان محمد رضوان 21 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بن گئے، اس وقت ٹیم کا اسکور 28 رنز تھا۔ بعد ازاں خوشدل شاہ نے یاسر خان 8 اور کامران غلام 10 کو جلد آؤٹ کر کے ٹیم کو 55 پر 3 وکٹوں کے نقصان سے دوچار کردیا۔
ابتدائی مشکلات کے بعد ڈیرل مچل اور سیم بلنگز نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے 120 رنز کی شراکت قائم کی اور میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ دونوں بیٹرز نے نصف سنچریاں بھی اسکور کیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11: حیدرآباد کنگزمین کو مسلسل تیسری شکست، ملتان سلطانز نے میچ جیت لیا
ڈیرل مچل 41 گیندوں پر 65 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، جبکہ سیم بلنگز نے 35 گیندوں پر 58 رنز اسکور کیے جس میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
اختتامی اوورز میں عبداللہ فضل نے صرف 8 گیندوں پر ناقابل شکست 17 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور مزید مستحکم کیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 24 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، خوشدل شاہ نے 2 جبکہ میر حمزہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔














