اسلام آباد اور پنجاب میں ٹرانسپورٹ فری، کسانوں، مزدوروں کے لیے خصوصی پیکجز جبکہ سندھ میں موٹرسائیکل سواروں کے لیے 2 ہزار روپے سبسڈی کا اعلان

جمعہ 3 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد، پنجاب اور سندھ میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے بڑے پیمانے پر اقدامات کا اعلان کر دیا ہے جن کا مقصد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے و خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث بڑھنے والی مہنگائی کے اثرات کو کم کرنا اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ریلوے مسافروں کے لیے خوشخبری، تمام کلاسز اور فریٹ کرائے برقرار

وزیراعظم شہباز شریف کے کفایت شعاری پروگرام کے تحت اسلام آباد اور پنجاب میں ایک ماہ کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ مفت کر دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے مطابق اس سہولت کا اطلاق اورنج لائن میٹرو ٹرین، میٹرو بس، اسپیڈو اور گرین الیکٹرو بس سروسز پر ہوگا جہاں شہری بغیر ٹکٹ سفر کر سکیں گے۔ اسی طرح وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اعلان کیا کہ اسلام آباد میں ٹرانسپورٹ کی مفت فراہمی کے اخراجات وزارت داخلہ برداشت کرے گی جبکہ سندھ میں ریلیف کی حوالے سے کچھ اقدامات کیے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے کسانوں اور عام شہریوں کے لیے بھی خصوصی پیکجز متعارف کرائے ہیں۔

کاشتکاروں کو فی ایکڑ ڈیزل پر فی لیٹر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی جبکہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے بھی پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے رعایت دی جائے گی جو 20 لیٹر تک محدود ہوگی۔

مزید پڑھیے: وزیراعظم کی ہدایت پر ٹول ٹیکس میں اضافہ واپس، عوام کو ریلیف فراہم

دوسری جانب سندھ حکومت نے بھی اپنے صوبے کے لیے الگ ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں رجسٹرڈ موٹر سائیکل مالکان کو اپریل کے مہینے میں 2 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی۔ یہ رقم مخصوص ایپ کے ذریعے براہ راست مالکان کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی چھوٹے کاشتکاروں (25 ایکڑ تک) کو 1500 روپے فی ایکڑ سبسڈی دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

سندھ حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے لیے بھی مالی معاونت کا اعلان کیا ہے جس کے تحت بسوں، ٹرکوں اور دیگر گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ سبسڈی دی جائے گی جبکہ موٹر سائیکل کی منتقلی کی فیس عارضی طور پر ختم کر دی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد اور پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ مفت کر دی گئی، کسانوں اور شہریوں کے لیے بھی سبسڈی کا اعلان

ادھر وفاقی حکومت نے عوام کو مزید ریلیف دیتے ہوئے ٹول ٹیکس میں مجوزہ 25 فیصد اضافے کو بھی واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت مواصلات کے مطابق مالی سال 2025-26 کے لیے ٹول ٹیکس میں اضافہ نہیں کیا جائے گا حالانکہ اس سے قبل 5 اپریل سے نئی قیمتوں کا اطلاق ہونا تھا۔

ریلوے مسافروں کے لیے بھی خوشخبری

اطلاعات کے مطابق پاکستان ریلویز کو بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات کے باعث ٹرین کرایوں میں 30 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی تھی جو بظاہر ناگزیر سمجھی جا رہی تھی۔ تاہم حکومت پاکستان نے ریلوے مسافروں کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے ٹرین کرایوں میں کسی بھی قسم کے اضافے سے گریز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے واضح ہدایت دی کہ خواہ اکانومی ہو یا اے سی کسی بھی کلاس کے کرایوں میں اضافہ نہ کیا جائے۔

ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے حکومت کی جانب سے برداشت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،

حکومتی اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر 30 جون تک تقریباً 6 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ حکومت خود برداشت کرے گی تاکہ عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچایا جا سکے۔

وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس فیصلے کو عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام عوام کے لیے ایک تحفہ ہے اور اس سے ریلوے کا سفر ہر طبقے کی پہنچ میں برقرار رہے گا۔

یہ بھی پڑھیے: وفاقی حکومت نے جو فیصلے کیے وہ آسان نہیں مشکل تھے، وزیر اعلیٰ سندھ

حکومتی اقدامات کے حوالے سے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی بڑھتی قیمتوں اور معاشی دباؤ کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور حالات بہتر ہونے تک مزید سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش جاری رکھی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp