بنگلہ دیش کے فرِد پور کے بھنگا علاقے میں 4 گاؤں کے رہائشیوں کے درمیان فٹبال میچ کے لاؤڈ اسپیکر اعلان پر ہونے والے جھگڑے میں 100 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق یہ تشدد جمعے کی شام مونسر آباد بازار سے شروع ہوا اور تقریباً اڑھائی گھنٹے تک جاری رہا۔ رات تک پولیس اور مقامی افراد کی مدد سے صورتحال پر قابو پایا گیا، مگر ہفتے کی صبح تقریباً 7 بجے جھڑپیں دوبارہ شروع ہو گئیں۔ زخمیوں میں پولیس اہلکار، صحافی اور گاؤں کے لوگ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق
گواہوں کے مطابق مونسر آباد اور پڑوسی گاؤں کھاپورا، سنگردک اور مجھی کینڈا کے رہائشی ڈھاکہ خولنا ہائی وے کے مونسر آباد بس اسٹینڈ اور ہامردی یونین کونسل کے دفتر کے قریب متعین ہو گئے۔ دونوں گروہوں کے پاس لاٹھیاں، ڈھالیں وغیرہ موجود تھیں۔ دونوں جانب سے پتھراؤ، دکانوں کی توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کے بھی رپورٹس آئیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق تنازع 2 روز قبل شروع ہوا تھا جب مونسر آباد کے نوجوان راحت پر پڑوسی گاؤں کے افراد نے فٹبال میچ کے اعلان کے دوران حملہ کیا تھا۔ بھنگا پولیس اسٹیشن کے تفتیش افسر علامین میا نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے ہیں اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ مزید فورسز ضلع انتظامیہ سے طلب کر لی گئی ہیں۔













