5جی نیٹ ورک کو کیسے پورے ملک میں توسیع دی جائےگی؟ وزارت آئی ٹی نے بتا دیا

ہفتہ 4 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حکام نے بتایا ہے کہ ملک میں آئندہ 10 برس کے دوران 4 مراحل میں فائیو جی سروس متعارف کرانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام نے بتایا ہے کہ اس منصوبے کا پہلا مرحلہ 2028 تک مکمل کیا جائے گا، جس کے تحت اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں فائیو جی سروس کا آغاز ہوگا۔ اس حوالے سے مکمل روڈ میپ پارلیمنٹ میں پیش کیا جا چکا ہے۔

منصوبے کے تحت 2035 تک ملک کے 40 شہروں میں فائیو جی سہولت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

دوسرے مرحلے میں 2028 سے 2030 کے دوران مزید 10 شہروں تک اس سروس کو توسیع دی جائے گی، جبکہ تیسرے مرحلے میں 2030 سے 2032 کے درمیان مزید 10 شہروں میں اس کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ دوسرے اور تیسرے مراحل میں ہر صوبے کے کم از کم 2 شہروں کو فائیو جی نیٹ ورک میں شامل کیا جائے گا۔ جبکہ چوتھے اور آخری مرحلے میں 2032 سے 2035 تک مزید 15 شہروں میں اس سروس کو وسعت دی جائے گی، جس میں بھی ہر صوبے کی نمائندگی یقینی بنائی جائے گی۔

مزید برآں موبائل کمپنیوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ہر سال فور جی اور فائیو جی کی کم از کم ایک ہزار سائٹس قائم کریں تاکہ نیٹ ورک کی بہتری اور توسیع کو یقینی بنایا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp