پاک فضائیہ کے ایف 16 لڑاکا طیاروں نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے طیارے کو اسلام آباد آمد کے دوران فضائی تحفظ فراہم کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔
وائرل ہونے والی قریباً 21 سیکنڈ کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاک فضائیہ کے پانچ ایف 16 طیارے امریکی فضائیہ کے بوئنگ سی 32 اے طیارے کے ساتھ پاکستانی حدود میں پرواز کررہے ہیں۔
PAF fighter jets seen escorting the Airforce 2 carrying US Vice President JD Vance over the skies of the Islamic Republic of Pakistan.#nurkhan #JDvance #Islamabadpeacetalks pic.twitter.com/4Orma7EiM8
— Ch Mubeen Gujjar (@CMMobeen) April 11, 2026
یہ سیکیورٹی اسکواڈ طیارے کے اسلام آباد کے قریب نور خان ایئر بیس پر لینڈ کرنے تک اس کے ہمراہ رہا۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں مذاکرات کی قیادت کے لیے پاکستان پہنچے ہیں، جہاں آج ان کی ایرانی وفد سے ملاقات متوقع ہے۔
ان مذاکرات میں جے ڈی وینس کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف بھی شریک ہوں گے۔
دوسری جانب ایرانی وفد کی قیادت اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کریں گے، تاہم دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کا فقدان بدستور ایک بڑا چیلنج ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ مثبت اور تعمیری انداز میں بات چیت کریں، اور یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان اس عمل میں سہولت کاری جاری رکھے گا تاکہ کسی پائیدار حل تک پہنچا جا سکے۔














