نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک بھر کے لیے ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی حالات ادارے کی جانب سے جنوری میں جاری کردہ پیشگوئی کے عین مطابق ہیں، جبکہ اب اپریل سے جون تک کا تفصیلی جائزہ بھی جاری کیا جا رہا ہے۔
این ای او سی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ 12 سے 17 اپریل تک پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، اس دوران بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے شہروں مری، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، گجرات اور میاں والی سمیت دیگر اضلاع میں 13 سے 17 اپریل تک بارشیں ہو سکتی ہیں۔
خیبرپختونخوا کے اضلاع سوات، چترال، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان اور ڈی آئی خان سمیت دیگر علاقوں میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ دوسری جانب سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم اور خشک رہے گا جہاں درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری سے کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی موجود ہیں۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، گاڑیاں احتیاط سے چلانے اور طوفان کے دوران بجلی کی تنصیبات و کمزور عمارتوں سے دور رہنے کی تاکید کی ہے۔
سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شمالی علاقوں کا رخ کرنے سے قبل سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں اور بروقت معلومات کے لیے این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ ‘پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ’ کا استعمال کریں۔
ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز سمیت متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی سخت ہدایت جاری کردی ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں فوری امدادی کارروائیوں کو یقینی بنایا جا سکے۔














