استحکام پاکستان پارٹی نے اہم سیاسی و تنظیمی امور اور آئندہ ضمنی انتخابات سے متعلق حکمتِ عملی طے کرنے کے لیے ایک مشاورتی اجلاس طلب کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: قومی مفاد کو ہر قسم کی بیرونی وابستگی پر مقدم رکھا جائے، استحکام پاکستان کنونشن
اجلاس کی صدارت پارٹی کے مرکزی صدر اور وفاقی وزیر علیم خان کریں گے جس میں پارٹی کے اراکینِ اسمبلی اور صوبائی رہنما شرکت کریں گے۔
اسلام آباد میں 14 اپریل بروز منگل دوپہر 2 بجے منعقد ہونے والے اجلاس میں سیاسی صورتحال، تنظیمی معاملات اور خاص طور پر ضمنی انتخابات کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
حلقہ پی پی 83 نورپورتھل میں خالی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے بھی اجلاس میں تفصیلی غور کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں رکن قومی اسمبلی غوث اصغر بگھور نے پارٹی قیادت کو حلقے کی سیاسی صورتحال اور سابقہ انتخابی نتائج پر بریفنگ دی ہے۔
مزید پڑھیے: وزیراعظم شہباز شریف سے استحکام پاکستان پارٹی قیادت کی ملاقات، 27ویں آئینی ترمیم پر مشاورت
بتایا گیا ہے کہ ممکنہ امیدوار احسان اللہ خان نے سنہ 2024 کے عام انتخابات میں تقریباً 30 ہزار ووٹ حاصل کیے تھے جس کی بنیاد پر پارٹی قیادت آئندہ حکمت عملی پر مشاورت کر رہی ہے۔
اجلاس میں صدر پنجاب رانا نذیر احمد خان، صدر شمالی پنجاب و وفاقی پارلیمانی سیکرٹری انجینئر گل اصغر بگھور، مرکزی جنرل سیکرٹری میاں خالد محمود اور صوبائی جنرل سیکرٹری و ایم پی اے شعیب صدیقی سمیت دیگر سینئر رہنما بھی شریک ہوں گے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی چھوڑ کر استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے والے علی نواز اعوان کون ہیں؟
اجلاس میں ضمنی انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے سے متعلق اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے جبکہ پارٹی کی قیادت حلقہ پی پی 83 میں مضبوط سیاسی حکمت عملی کے تحت متحرک انداز میں حصہ لینے کے عزم کا اظہار کر رہی ہے۔












