الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب میں یونین کونسلز کی نئی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کردیا ہے، جس سے صوبے میں طویل عرصے سے التوا کا شکار بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی جانب ایک بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔
آئین کے آرٹیکل 222 (بی) اور الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت جاری کردہ اس نوٹیفکیشن کے مطابق، حلقہ بندیوں کا یہ سات مرحلوں پر مشتمل عمل 10 اگست 2026 تک مکمل کرلیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جماعتی یا پارٹی لیس بنیاد پر، پنجاب حکومت نے واضح کردیا
جاری کردہ شیڈول کے مطابق حلقہ بندیوں کے تمام انتظامی انتظامات 16 اپریل تک مکمل کیے جائیں گے، جس کے بعد 20 اپریل سے 21 مئی تک حلقوں کی ابتدائی فہرستیں تیار کی جائیں گی۔ ان فہرستوں کی اشاعت 25 مئی کو ہوگی، جبکہ 26 مئی سے 23 جون تک ان پر اعتراضات جمع کرائے جاسکیں گے۔
الیکشن کمیشن 22 جولائی تک تمام اعتراضات کو نمٹانے کا پابند ہوگا اور 4 اگست کو حتمی فیصلے حلقہ بندی کمیٹیوں کو بھجوا دیے جائیں گے۔ اس تمام عمل کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 10 اگست 2026 کو شائع کی جائے گی۔
حلقہ بندیوں کے عمل کو شفاف اور بلا تعطل یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن نے پنجاب میں انتظامی حدود میں ہر قسم کی تبدیلیوں پر فوری پابندی عائد کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے، چیف الیکشن کمشنر
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹاؤن کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیز اور تحصیل کونسلز سمیت تمام موجودہ انتظامی یونٹس کی حدود منجمد کر دی گئی ہیں تاکہ پٹواری حلقوں اور ریونیو اسٹیٹس کی حدود میں تبدیلی سے حلقہ بندیوں کے کام میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
واضح رہے کہ پنجاب میں بلدیاتی ادارے دسمبر 2021 میں اپنی مدت پوری کر چکے تھے اور آئین کے تحت 120 دن کے اندر انتخابات ہونا ضروری تھے، تاہم صوبائی حکومت کی جانب سے بلدیاتی قوانین میں بار بار ترامیم کی وجہ سے یہ عمل تاخیر کا شکار رہا۔
گزشتہ برس اکتوبر میں الیکشن کمیشن نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے نفاذ کے بعد پرانا شیڈول واپس لے لیا تھا اور واضح کیا تھا کہ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد 2026 کی دوسری سہ ماہی سے قبل انتخابات ممکن نہیں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈز میں وارڈز کی حد بندی کا شیڈول جاری کردیا
حلقہ بندیوں کے اس نئے شیڈول کے اجرا سے صوبے میں مقامی حکومتوں کے قیام کی امیدیں ایک بار پھر روشن ہوگئی ہیں۔














