امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ بات چیت میں پاکستان نے بہت زبردست کردار ادا کیا ہے، ڈیل ہو گئی تو ہو سکتا ہے میں اسلام آباد جاؤں، اب تک ایران نے قریباً تمام چیزوں پر اتفاق کرلیا ہے۔
واشنگٹن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بہت زبردست شخصیات ہیں۔ اگر ایران ڈیل پر اسلام آباد میں دستخط ہوئے تو میں بھی شرکت کر سکتا ہوں۔
JUST IN: President Trump said he could travel to Islamabad to seal a deal, praising Pakistan’s leadership and signaling he “might go” if an agreement is signed there:
“The field marshal has been great. The Prime Minister has been really great in Pakistan so I might go.”@pdoocy pic.twitter.com/W2CwvjutfC
— Fox News (@FoxNews) April 16, 2026
مزید پڑھیں: اسرائیل اور لبنان کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق، صدر ٹرمپ کا اعلان
انہوں نے کہاکہ ایران جوہری ہتھیار نہ رکھنے پر آمادہ ہو چکا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں نمایاں پیشرفت ہو رہی ہے، معاہدہ طے پانے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں، اور اگلی ملاقات ویک اینڈ پر ہو سکتی ہے۔
واشنگٹن میں گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہییں اور امریکا اس حوالے سے ایران کے ساتھ مؤثر انداز میں بات چیت کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے معاملے میں کافی پیشرفت ہو چکی ہے اور تہران اب ان نکات پر بھی آمادگی ظاہر کر رہا ہے جن پر پہلے تیار نہیں تھا۔
امریکی صدر نے بتایا کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، جبکہ اگلی ملاقات رواں ہفتے کے آخر میں متوقع ہے۔ ان کے مطابق ایران افزودہ یورینیم امریکا کے حوالے کرنے پر بھی آمادہ ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران کے ساتھ معاہدہ نہ ہو سکا تو دوبارہ جنگ چھڑنے کا خدشہ موجود ہے، تاہم وہ امید رکھتے ہیں کہ بات چیت کامیاب ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی پر بھی اتفاق ہو چکا ہے جس میں حزب اللہ بھی شامل ہوگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اب تک دنیا میں 10 جنگیں رکوا چکے ہیں۔
امریکی صدر کے مطابق آبنائے ہرمز میں امریکی ناکہ بندی مؤثر انداز میں جاری ہے جبکہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ لبنان میں طے پانے والی جنگ بندی میں حزب اللہ بھی شامل ہے، اور وہ جلد اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور لبنانی صدر جوزف عون سے ملاقات کریں گے۔
مزید پڑھیں: امریکا ایران مذاکرات کا دوسرا دور، فریقین کا اسلام آباد پہنچنے کا امکان، غیر ملکی میڈیا
انہوں نے مزید کہاکہ ان کے خیال میں پوپ لیو سے ملاقات ضروری نہیں، البتہ یہ اہم ہے کہ پوپ لیو اس بات کو سمجھیں کہ ایران عالمی سطح پر ایک خطرہ بن چکا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا ایک دور اسلام آباد میں ہو چکا ہے، جس میں امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں وفد نے شرکت کی تھی، اور اب دوسرا دور بھی اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے۔













