ایران امریکا معاہدے کی جانب اہم پیشرفت، ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان کردیا

جمعہ 17 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا اور ایران کے درمیان متوقع معاہدے کے تناظر میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، اور ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہاکہ لبنان میں جنگ بندی کے تناظر میں آبنائے ہرمز سے تمام تجارتی بحری جہازوں کی آمد ورفت کے لیے راستہ مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ جنگ بندی کی باقی مدت کے دوران آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمد ورفت پہلے سے طے شدہ مربوط راستے کے مطابق بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے گی۔

ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ ایران کی بندرگاہوں اور بحری امور کی تنظیم کی جانب سے پہلے سے جاری کردہ اعلان کے مطابق کیا گیا ہے، جس کے تحت سمندری نقل و حمل کو محفوظ اور منظم طریقے سے یقینی بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کے لیے پاکستان بھرپور سفارتکاری کررہا ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور بھی پاکستان میں ہونے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم سے امریکی صدر کے مشیر کی ملاقات، ٹرمپ کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں، علاقائی امن کے لیے کردار کی تعریف

گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران معاہدے کے بہت قریب پہنچ گئے ہیں، اور معاہدے پر دستخط کے لیے میں بھی اسلام آباد جا سکتا ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp