بشریٰ بی بی نے طبی بنیادوں پر سزا معطلی کے لیے نئی درخواست دائر کردی

ہفتہ 18 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر فوری فیصلے کے لیے متفرق درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی جانب سے دائر اس درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کی مؤکلہ کی سزا سات سال ہے جو کہ کم سزا کے زمرے میں آتی ہے، لہٰذا حالیہ طبی صورتحال اور میڈیکل ایمرجنسی کے پیش نظر سزا معطلی کی درخواست پر جلد فیصلہ سنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: بشریٰ بی بی کی آنکھ کی سرجری مکمل، اہلِ خانہ سے ملاقات بھی کرا دی گئی

درخواست میں بشریٰ بی بی کی حالیہ سرجری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز پنڈی کے الشفا آئی اسپتال میں ان کی آنکھ کا آپریشن کیا گیا، لیکن اس حوالے سے اہلخانہ یا وکلا کو پہلے سے آگاہ نہیں کیا گیا جو کہ قانونی طور پر ضروری ہے۔

وکلا کا کہنا ہے کہ بغیر کسی اطلاع کے سرجری کرنا بشریٰ بی بی کی زندگی کے لیے خطرہ بن سکتا تھا۔

عدالت کو بتایا گیا کہ آپریشن کے بعد جب اہلخانہ نے جیل میں ملاقات کی تو بشریٰ بی بی کی حالت تشویشناک تھی اور انہیں کالی عینک لگا کر بٹھایا گیا تھا۔ جیل حکام یا ڈاکٹروں کی جانب سے اب تک سرجری کی مکمل تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بشریٰ بی بی کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنے کی تصدیق

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ طبی بنیادوں پر سزا معطلی کے کیس کا جلد فیصلہ کیا جائے اور بشریٰ بی بی تک ان کے وکلا اور خاندان کے افراد کی رسائی کو یقینی بنایا جائے۔ یاد رہے کہ بشریٰ بی بی کو آپریشن کے بعد نجی اسپتال سے دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp