سوشل میڈیا پر ایک تصویر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جو لوگوں کی دلچسپی کا باعث بنی ہوئی ہے۔ تصویر میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے نظر آ رہے ہیں جبکہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ان کے ساتھ بیٹھے ہیں۔ اس تصویر کو دیکھ کر بہت سی قیاس آرائیاں ہورہی ہیں کہ کیا عثمان بزدار پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے ہیں یا ہوگئے ہیں؟
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیئر رہنما اور یوسف رضا گیلانی کے فرزند علی حیدر گیلانی نے ’وی نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ان تمام افواہوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں: امریکا ایران جنگ بندی میں کردار، عثمان بزدار بھی حکومتی کوششوں کے معترف
انہوں نے واضح کیاکہ عثمان بزدار کی پیپلز پارٹی میں شمولیت نہیں ہوئی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی گفتگو ہوئی ہے، یہ صرف ایک اتفاقی اور دلچسپ واقعہ تھا جو ڈیرہ غازی خان میں پیش آیا۔
سید علی حیدر گیلانی نے بتایا کہ میرے والد چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سردار ذوالفقار کھوسہ (مرحوم) کی قل خوانی میں شرکت کے لیے ڈیرہ غازی خان گئے تھے۔
ان کے مطابق دعا ختم ہونے کے بعد دوست محمد کھوسہ نے دوپہر کے کھانے کے لیے اپنے ڈیرے پر آنے کی ضد کی اور کہاکہ کھانے کا اہتمام ڈیرے پر کیا گیا ہے، ایسے میں جیسے ہی سب لوگ باہر نکلے تو گاڑیوں کی وجہ سے سڑک مکمل طور پر بلاک ہوگئی۔
علی حیدر گیلانی نے بتایا کہ کچھ دیر یوسف رضا گیلانی نے گاڑی میں بیٹھ کر کے انتظار کیاکہ شاید جلد ہی بلاک روڈ کھل جائے گی مگر جب راستہ کلیئر نہ ہوا تو شدید گرمی میں انہوں نے گاڑی سے اتر کر پیدل ہی ڈیرے کی طرف چلنا شروع کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ جب دوست محمد کھوسہ نے یوسف رضا گیلانی کو پیدل چلتے ہوئے دیکھا تو انہیں روکا اور کہاکہ گرمی بہت ہے، آپ پیدل زیادہ نہ چلیں، پیچھے والی گاڑی میں بیٹھ جائیں، اس میں عثمان بزدار ہیں۔
علی حیدر گیلانی کے مطابق عثمان بزدار نے خود یوسف رضا گیلانی کو گاڑی میں بیٹھنے کے لیے کہا، جس کے بعد وہ ان کے ساتھ فرنٹ سیٹ پر بیٹھ گئے۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ سوشل میڈیا پر طرح طرح کی کہانیاں بنائی جارہی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ عثمان بزادار کے ساتھ آنے والوں میں سے کسی نے پیچھے سے بنائی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہاکہ ٹرائبل ایریاز میں مہمان نوازی اور عزت دینا ایک قدیم روایت ہے۔ دوست محمد کھوسہ نے بھی مہمانوں کو عزت دی اور عثمان بزدار نے بھی۔ یہ کوئی سیاسی ملاقات یا پلاننگ نہیں تھی، صرف خالص مہمان نوازی تھی۔
ایک سوال کے جواب میں سید علی حیدر گیلانی نے کہاکہ اگر عثمان بزدار پیپلز پارٹی میں آنا چاہیں تو ہم ان کا بھرپور خیر مقدم کریں گے، میں انہیں پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دیتا ہوں، وہ ہمارے ساتھ آئیں اور سیاست کریں۔
مزید پڑھیں: سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار منظر عام پر، پاک فوج کے حق میں کیا کہا؟
انہوں نے بتایا کہ جہانگیر ترین کے بھی ہمارے ساتھ اچھے دوستانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے ابھی سیاست میں واپسی کا اعلان نہیں کیا، لیکن پیپلز پارٹی کی سپورٹ کرنے کا اظہار کئی بار کر چکے ہیں۔
سید علی حیدر گیلانی نے واضح کیاکہ وائرل تصویر کسی نے گاڑی کے اندر سے اچانک بنا لی تھی اور یہ پورا واقعہ صرف قل خوانی سے ڈیرے تک جانے کی کہانی ہے۔













