ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے علامہ محمد اقبال کے یومِ وفات پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اقبال نے امتِ مسلمہ کو خودی، عمل اور بیداری کا درس دیا۔ اقبال کی فکر مشرق و مغرب کے علمی امتزاج کی عکاس ہے اور سماجی و معاشی انصاف ان کے پیغام کا بنیادی جزو ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ فکرِ اقبال آج بھی امید اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے، خصوصاً نوجوانوں کے لیے یہ حوصلے اور جدوجہد کا پیغام رکھتی ہے۔ اقبال کے نزدیک تعلیم محض علم کا حصول نہیں بلکہ کردار سازی کا ذریعہ ہے، جبکہ تصورِ خودی اعتماد اور شعور کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ صدر زرداری نے زور دیا کہ اقبال کی تعلیمات کو عملی زندگی میں اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں:حکومت کا قائداعظم اور علامہ اقبال پر تاریخی ویب سیریز بنانے کا اعلان
دوسری جانب محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں شاعرِ مشرق کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال برصغیر کے مسلمانوں کے عظیم محسن اور فکری رہنما تھے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کے افکار نے ایک محکوم قوم میں بیداری، خود اعتمادی اور مسلسل جدوجہد کا شعور پیدا کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا یوم اقبال 21 اپریل 2026 پر پیغام.
آج یوم اقبال پر میں پوری قوم کی جانب سے شاعر مشرق، مفکر اسلام اور مصور پاکستان علامہ محمد اقبال کو دلی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ بلاشبہ علامہ اقبال مسلمانان برصغیر کے محسن اورعظیم فکری رہنما تھے۔
علامہ اقبال نے… pic.twitter.com/JC3ea3Im5c
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) April 21, 2026
وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ قومی و عالمی حالات میں اقبال کا پیغام پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکا ہے، اور فکری انتشار، انتہاپسندی اور عدم برداشت جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقبال کی تعلیمات سے رہنمائی ضروری ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت دہشتگردی، فرقہ واریت اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ایک معتدل و ہم آہنگ معاشرے کے قیام کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
شہباز شریف نے نوجوانوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو علم، ہنر، کردار اور حب الوطنی سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نوجوان فکرِ اقبال سے رہنمائی حاصل کریں تو پاکستان ترقی، استحکام اور وقار کی نئی منزلیں حاصل کر سکتا ہے۔
مزید پڑھیں:علامہ اقبال کے مجسمے کی تضحیک اور توہین، افسوسناک واقعے کی ویڈیو وائرل
آخر میں انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ یومِ اقبال کے موقع پر یہ عہد کیا جائے کہ اقبال کے افکار کو قومی پالیسی، تعلیمی ترجیحات اور اجتماعی سوچ کا حصہ بنایا جائے تاکہ ایک روشن اور مستحکم پاکستان کی تعمیر ممکن ہو سکے۔














