پی سی بی کی سربراہی خطرے میں، نجم سیٹھی کی وزیر اعظم سے ملاقات

بدھ 7 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سربراہی خطرے میں پڑ گئی، پی سی بی میجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور احسن اقبال بھی موجود تھے۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے وزیراعظم کو مینجمنٹ کمیٹی سے متعلق اب تک ہونے والی تمام پیش رفت سے آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کرکٹ بورڈ میں مزید کام کرنے کے خواہشمند ہیں، پیپلز پارٹی نے پی سی بی چئیرمین کے لیے ذکا اشرف کا نام تجویز کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی اتحاری جماعت پاکستان پیپلزپارٹی کا مطالبہ ہے کہ ذکا اشرف کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا سربراہ تعینات کیا جائے۔ پی پی پی کی طرف سابق چئیرمین پی سی بی ذکا اشرف کا نام شہباز شریف کو بھیج دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ذکاء اشرف پہلے بھی چیئرمین پی بی سی رہ چکے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ  وزارت ہمارے پاس ہے تو پی سی بی کا سربراہ تعینات کرنے کا حق بھی ہمارا ہے۔

دوسری جانب وزارت بین الصوبائی رابطہ نے بھی نجم سیٹھی کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی کو مزید توسیع دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی سی بی کمیٹی کو 4 ماہ میں علاقائی (ریجنز) انتخابات کروانے اور ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال کرنے کا ٹاسک سونپا گیا تھا تاہم 6 ماہ کا وقت گزرنے کے باوجود ٹاسک مکمل نہیں کیا جا سکا۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ نے ایشیاء کپ پاکستان میں منعقد کروانے کے حوالے سے لابنگ میں ناکامی پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ نجم سیٹھی کی سربراہی میں بننے والی مینجمنٹ کمیٹی کو 4 ماہ میں بورڈ آف گورنرز منتخب کرنے اور انتخابات کروانے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ اپریل 2023 میں 4 ماہ مکمل ہونے کے بعد 2 ماہ کی مزید توسیع دی گئی تھی جو رواں ماہ جون کے تیسرے ہفتے میں مکمل ہو رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp