کینیڈین خاتون کی سوشل میڈیا پر پاکستانی لڑکے سے محبت، لوئر دیر آ کر شادی کر لی

ہفتہ 25 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوشل میڈیا پر رابطے اور پھر محبت کے بعد کینیڈا سے تعلق رکھنے والی خاتون پاکستان پہنچ گئی اور لوئر دیر سے تعلق رکھنے والے لڑکے سے شادی کر لی ہے۔

لوئر دیر پولیس کے ایک عہدیدار نے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ غیر ملکی خاتون اور مقامی لڑکے نے کورٹ جا کر اپنی مرضی سے شادی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: محبت کی شادی کا ایک سال بعد المناک اختتام، ویڈیو پیغام کے بعد شوہر نے بھی جان دیدی

پولیس عہدیدار نے بتایا کہ خاتون تقریباً ایک ہفتہ پہلے اسلام آباد پہنچی تھیں، جہاں لڑکے کے گھر والوں اور رشتہ داروں نے ان کا استقبال کیا۔ وہاں کچھ قیام کے بعد خاتون لوئر دیر تیمرگرہ پہنچیں اور ایک ہوٹل میں رہائش اختیار کی۔

پولیس نے بتایا کہ لڑکے کے اہل خانہ اس شادی کو خفیہ رکھنا چاہتے ہیں، اسی لیے اپنے آبائی علاقے دیر میدان کے بجائے تیمرگرہ میں شادی کی گئی اور وہیں ایک ہوٹل میں مقیم ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ لڑکا غیر ملکی خاتون کو لے کر مقامی مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہوا اور شادی کے لیے تمام ضروری دستاویزات فراہم کر دیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ وہ اپنی مرضی سے شادی کرنا چاہتے ہیں۔ عدالت کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد ان کا نکاح پڑھایا گیا۔

یہ بھی پڑھیے: سوشل میڈیا پر سرگرمی کم، برطانوی بالغ صارفین اسکرین ٹائم گھٹانے کے لیے کمربستہ

پولیس افسر نے بتایا کہ دیر میدان میں سیکیورٹی خدشات کے باعث غیر ملکی خاتون کو وہاں جانے نہیں دیا گیا، اور نکاح کے بعد جوڑا ایک مقامی ہوٹل میں قیام پذیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شادی کو اہل خانہ سے بھی خفیہ رکھا گیا ہے اور قریبی رشتہ داروں کو بھی شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔ ‘میں اس وقت وہاں موجود تھا، دونوں بہت خوش ہیں۔’

پولیس افسر نے مزید بتایا کہ جوڑے نے عدالت کو بتایا کہ ان کا سوشل میڈیا پر رابطہ ہوا، جو آہستہ آہستہ بڑھتا گیا اور پھر وہ ایک دوسرے سے محبت کرنے لگے۔ آخرکار دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا اور خاتون کینیڈا سے لوئر دیر پہنچ گئیں۔ پولیس کے مطابق جوڑا کچھ دن دیر میں قیام کے بعد اسلام آباد کے لیے روانہ ہو جائے گا، جہاں مزید قیام کرے گا۔

یہ بھی پڑھیے: امریکی صحافی نے پاکستان آکر چترالی نوجوان سے شادی رچا لی

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ کوئی غیر ملکی خاتون شادی کے لیے دیر پہنچی ہو۔ اس سے قبل بھی غیر ملکی خواتین سوشل میڈیا کے ذریعے محبت کے بعد پاکستان آ کر شادی کر چکی ہیں۔ 2023 میں پڑوسی ملک انڈیا سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی اسلام آباد اور پھر دیر پہنچی۔ انجو نامی لڑکی نے سوشل میڈیا کے ذریعے محبت کے بعد دیر آ کر نصراللہ نامی نوجوان سے شادی کی۔ ان کی شادی پاکستان اور انڈیا دونوں میں میڈیا کی زینت بنی تھی۔

کچھ سال پہلے ایک امریکی خاتون بھی دیر کے نوجوان سے محبت کی شادی کے لیے دیر آئی تھیں اور دونوں نے کورٹ میرج کر لی تھی۔ اس سے پہلے ایک امریکی فری لانس صحافی چترال سے تعلق رکھنے والے نوجوان سے شادی کے لیے پاکستان آئی تھیں۔ دونوں کی اسلام آباد میں شادی ہوئی اور اب وہ چترال میں رہائش پذیر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp