آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ بھی جاری کردیا۔
اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ریاست کے مختلف اضلاع میں 30 اپریل سے 3 مئی تک شدید بارشوں اور خراب موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔ حکام کے مطابق اس دوران مظفرآباد، نیلم، جہلم ویلی، باغ، حویلی، پونچھ اور سدھنوتی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا قوی امکان ہے، جس کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں موسم نے کروٹ بدل لی، پہاڑی علاقوں میں بارش جبکہ میدانی علاقوں میں گرمی میں اضافہ
ایس ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب رہنے والی آبادی کو انتہائی محتاط رہنے کی تاکید کی گئی ہے جبکہ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں۔

انتظامیہ نے سیاحوں کے لیے بھی خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ حفاظتی اقدامات کے بغیر پہاڑی مقامات کا رخ نہ کریں۔ مزید برآں، تمام متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے اور مشینری کو فعال رکھنے کا حکم دے دیا گیا ہے تاکہ لینڈ سلائیڈنگ کی صورت میں شاہراہوں کی بحالی کو فوری ممکن بنایا جاسکے۔
ملک کے جنوبی حصے شدید گرمی کی لپیٹ میں درجہ حرارت 52 ڈگری تک جانے کا خدشہ، ہیٹ ویو الرٹ جاری
دوسری جانب مرکزی محکمہ موسمیات نے ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مئی اور جون کے دوران درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بڑھ سکتا ہے۔

عالمی موسمیاتی ماڈلز کے مطابق ’ایل نینو‘ کے اثرات مئی سے جولائی کے دوران ظاہر ہونے کے 61 فیصد امکانات ہیں، جس کے باعث جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور جنوبی و مشرقی بلوچستان کے اضلاع شدید تپش کی زد میں رہیں گے۔ ان علاقوں میں گرمی کی لہر کے دوران پارہ 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ ہے، جبکہ عام حالات میں یہاں درجہ حرارت 43 سے 45 ڈگری کے درمیان رہتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مشاہداتی ڈیٹا کے مطابق ان دنوں مذکورہ علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ 29 اپریل سے 3 مئی کے دوران جنوبی حصوں میں ہلکی ہیٹ ویو پیدا ہونے کا قوی امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان بھر میں گرم اور خشک موسم کی لہر برقرار، محکمہ موسمیات کی وارننگ
محکمہ موسمیات کے مطابق 29 اپریل سے یکم مئی تک بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے جبکہ جنوبی علاقوں میں سورج اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ چمکے گا جس سے تپش میں اضافہ متوقع ہے، مئی کے آغاز کے ساتھ ہی مغربی ہواؤں کے اثرات پشاور، چترال اور مضافاتی علاقوں تک پھیل سکتے ہیں جہاں تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برسنے کی توقع ہے تاہم ملک کے دیگر میدانی علاقوں میں گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔
رپورٹ کے مطابق 4 اور 5 مئی کو بارشوں کے اس سلسلے میں وسعت آنے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان سمیت بالائی و وسطی پنجاب کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بادل برس سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: موسمیاتی تبدیلی ایل نینو کی وسط 2026 میں فعال ہونے کا امکان، اقوامِ متحدہ کا انتباہ
اس دوران جنوبی پنجاب اور سندھ کے اضلاع میں موسم بدستور گرم اور خشک رہے گا جہاں شدید تپش کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں سے گرمی کی شدت میں عارضی کمی تو آئے گی مگر جنوبی اضلاع میں گرمی کا زور مئی کے پہلے ہفتے تک جاری رہنے کا قوی امکان ہے۔














