وفاقی آئینی عدالت نے کاغان ویلی کراچی سوسائٹی الیکشن سے متعلق درخواست اہم ریمارکس کیساتھ خارج کر دی

جمعرات 30 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد میں وفاقی آئینی عدالت نے کاغان ویلی کراچی سوسائٹی کے انتخابات کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے بعد اسے خارج کر دیا ہے۔ کیس کی سماعت جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔

یہ بھی پڑھیں:وفاقی آئینی عدالت ججز کا فل کورٹ اجلاس، مقدمات کے جلد فیصلوں اور بیک لاگ کے خاتمے پر زور

درخواست گزار کے وکیل ذوالفقار ملوکا نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ انتخابات سے قبل سوسائٹی کے 180 مبینہ بوگس ووٹوں کو ووٹر لسٹ سے خارج نہیں کیا گیا، جس سے انتخابی عمل پر سوالات اٹھتے ہیں۔

سماعت کے دوران جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کیا اس سوسائٹی نے ملیر کراچی کو کاغان ویلی بنا دیا ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ ملیر کراچی میں بنی یہ کاغان ویلی، اصل کاغان ویلی کے نام پر دھبہ بن رہی ہے۔

عدالت نے سوال اٹھایا کہ کیا اس نوعیت کا فیکچوئل تنازعہ آئینی عدالت کے دائرہ اختیار میں آتا بھی ہے یا نہیں۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ میڈیا میں یہ تاثر دیا گیا کہ عدالت نے 60 سیکنڈ میں فیصلہ کر دیا، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ہر کیس کی فائل کو تفصیل سے پڑھ کر ہی سماعت کی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بعض اوقات کیس فائلز کو 2-2 گھنٹے پڑھ کر عدالت میں بیٹھا جاتا ہے، اور ججز ہر مقدمے کو مکمل تیاری کے ساتھ سنتے ہیں۔

عدالت نے واضح کیا کہ اس نوعیت کے تنازعات میں آئینی دائرہ اختیار کا تعین ضروری ہے، اور اسی بنیاد پر درخواست کو خارج کر دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp