رحیم یار خان میں دن دیہاڑے 14 سالہ لڑکی کا مبینہ اغوا، ویڈیو وائرل ہونے پر شدید عوامی ردعمل

جمعرات 30 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جنوبی پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں دن دیہاڑے ایک افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جس نے شہریوں کو شدید خوف و اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔ 14 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر نشہ آور چیز سونگھا کر اغوا کر لیا گیا اور واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی غم و غصے میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

صارفین میں سے بعض کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر دو افراد نے اسے نشہ آور چیز کے ذریعے بے ہوش کیا اور پھر موٹر سائیکل پر بٹھا کر موقع سے فرار ہو گئے۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچی کی فوری بازیابی اور واقعے میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

ایک صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ویڈیو محض ایک واقعے کی عکاسی نہیں بلکہ ہمارے ضمیر پر ایک بڑا سوال ہے۔ وہ آنکھیں کہاں ہیں جو اس ظلم کو روک سکیں؟ وہ ہاتھ کہاں ہیں جو وقت پر اٹھ کر کسی معصوم کی حفاظت کر سکیں؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو  پکڑ کر سزائے موت دیں تاکہ پھر کوئی ایسی جسارت نہ کرے۔

کئی صارفین کا کہنا تھا کہ یہ لڑکی اپنے گھر والوں کے ساتھ جا رہی ہے اس کا اغوا نہیں ہوا۔

ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ یہ کسی کا گھریلو معاملہ ہے۔ موٹرسائیکل پر اغوا آسان نہیں آخر میں بابا جی موٹر سائیکل پر بچی کو بٹھا رہے ہیں۔

رحیم یار خان پولیس سے منسوب ایک اکاؤنٹ میں کہا گیا ڈی پی او عرفان علی سموں کا وقوعہ کا سخت نوٹس تھانہ سٹی سی ڈویژن پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں کا آغاز کر دیا ہے مقدمہ کو میرٹ پر یکسو کیا جائے گا پولیس خواتین کے خلاف جرائم پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp