پشاور زلمی حیدرآباد کنگز مین کو شکست دے کر دوسری بار پی ایس ایل کی چیمپیئن بن گئی

اتوار 3 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگز مین کو فائنل میں عبرت ناک شکست دے کر پاکستان سپر لیگ 2026 کا تاج اپنے سر سجا لیا۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گرینڈ فائنل میں زلمی نے یکطرفہ مقابلے کے بعد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے ہرا کر دوسری بار پی ایس ایل ٹرافی اٹھانے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

 ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگز مین کی پوری ٹیم 18 اوورز میں محض 129 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ صائم ایوب 54 رنز بنا کر نمایاں رہے، تاہم ٹیم کے دیگر بڑے نام پشاور کے بولرز کا سامنا نہ کر سکے۔

کپتان مارنس لبوشین 20 رنز بنا سکے جبکہ گلین میکسویل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈ نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ناہید رانا اور محمد باسط نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

 130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کا آغاز انتہائی ڈرامائی رہا۔ محمد علی نے پہلے ہی اوور میں کپتان بابر اعظم اور محمد حارث کو آؤٹ کر کے سنسنی پھیلا دی، جس کے بعد 2 وکٹیں گنوا کر پشاور زلمی کا اسکور محض 7 رنز تھا۔

اس نازک صورتحال میں ایرون ہارڈ اور عبدالصمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔ ایرون ہارڈ نے 39 گیندوں پر 56 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت یقینی بنائی، جبکہ عبدالصمد نے 48 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔

 پشاور زلمی نے مطلوبہ ہدف 16 ویں اوور کی دوسری گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے محمد علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

پشاور زلمی کی اس تاریخی فتح کے ساتھ ہی قذافی اسٹیڈیم میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا اور ان کے چاہنے والوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر اپنی ٹیم کی کامیابی کا جشن منایا۔

پی ایس ایل 11: فاتح اور رنر اپ ٹیم کو کتنی انعام رقم ملے گی؟ تفصیلات سامنے آگئیں

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے لیے انعامی رقم کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق فاتح ٹیم کے لیے انعامی رقم 5 لاکھ ڈالر مقرر کی گئی ہے، جبکہ رنر اپ ٹیم کو 2 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔

پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار چیمپیئن ٹیم کو اضافی طور پر 5 لاکھ ڈالر کی خصوصی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ رنر اپ ٹیم کو بھی 3 لاکھ ڈالر کی اضافی انعامی رقم فراہم کی جائے گی، جبکہ بہترین پلیئر ڈویلپمنٹ میں کردار ادا کرنے والی فرنچائز کو 2 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp