پی ایس ایل کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان، ابھرتے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم بھی بنا دی گئی

پیر 4 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اختتام پر ٹیم آف دی ٹورنامنٹ اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ابھرتی ہوئی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔

پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کو ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

اس ٹیم میں پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز مین کے 3،3 کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں، جبکہ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے 2،2 کھلاڑی اس اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

اسی طرح ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ایک، ایک کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

یہ انتخاب 5 رکنی کمیٹی نے کیا جو معروف کمنٹری پینل پر مشتمل تھی۔ اسی کمیٹی نے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں پر مشتمل ایک علیحدہ ٹیم بھی منتخب کی ہے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 میں مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے گئے جو 26 مارچ سے 3 مئی تک لاہور اور کراچی میں منعقد ہوئے۔

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے بطور کھلاڑی اپنا تیسرا جبکہ بطور کپتان پہلا ٹائٹل جیتا۔ انہوں نے 588 رنز بنا کر ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کیے اور بیٹنگ میں شاندار تسلسل برقرار رکھا۔ انہیں حنیف محمد کیپ سے بھی نوازا گیا۔

بابر اعظم نے ایک ہی سیزن میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ بھی برابر کیا اور 2 شاندار سینچریاں اسکور کیں۔

پشاور زلمی کے کوشل مینڈس نے 550 رنز اسکور کیے جبکہ وکٹ کیپنگ میں بھی نمایاں کارکردگی دکھائی۔ اس کے علاوہ سفیان مقیم نے 22 وکٹیں حاصل کرکے نہ صرف بہترین بولر کا اعزاز حاصل کیا بلکہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بھی قرار پائے۔

حیدرآباد کنگز مین کے عثمان خان، حسن خان اور حنین شاہ نے بھی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹیم میں جگہ بنائی۔

لاہور قلندرز کے فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی، ملتان سلطانز کے شان مسعود، اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان اور رچرڈ گلیسن جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حسن نواز کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا۔

ٹیم آف دی ٹورنامنٹ اسکواڈ

ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، کوشل مینڈس، شان مسعود، عثمان خان، شاداب خان، حسن خان، شاہین شاہ آفریدی، حنین شاہ، سفیان مقیم، رچرڈ گلیسن شامل ہیں، جبکہ حسن نواز بارہویں کھلاڑی کے طور پر ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ابھرتی ہوئی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ

ابھرتی ہوئی ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے مستقبل کی کرکٹ کے لیے امیدیں روشن کردی ہیں۔

ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں پر مشتمل کرکٹ ٹیم میں سمیر مہناس، شمائل حسین، معاذ صداقت، سعد بیگ، فرحان یوسف، سعد مسعود، حنین شاہ، علی رضا، محمد اسماعیل، عبید شاہ، مومن قمر شامل ہیں، جبکہ محمد فاروق کو بارہویں کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp