واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کے ایک واقعے کے بعد سیکیورٹی ادارے حرکت میں آ گئے اور کچھ دیر کے لیے وائٹ ہاؤس کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق واقعہ نائب صدر کے قافلے کے گزرنے کے فوراً بعد پیش آیا، جس میں ایک مسلح شخص اور سیکرٹ سروس اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
🚨 JUST IN: Secret Service CONFIRMS a man was shot by law enforcement near the White House, causing the White House to be LOCKED DOWN
More details are not immediately available.
Pray for President Trump’s safety, today and every day 🙏🏻 pic.twitter.com/YkKWYSillS
— Nick Sortor (@nicksortor) May 4, 2026
تفصیلات کے مطابق امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں نیشنل مال کے قریب امریکی سیکرٹ سروس کے اہلکاروں اور ایک مسلح شخص کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد پیر کی سہ پہر وائٹ ہاؤس کو عارضی طور پر لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق واقعے میں ایک شخص کو گولی لگی جبکہ ایک راہگیر معمولی زخمی ہوا۔
امریکی سیکرٹ سروس کے ڈپٹی ڈائریکٹر میتھیو کوئن نے بتایا کہ یہ واقعہ نائب صدر جے ڈی وینس کے قافلے کے علاقے سے گزرنے کے کچھ ہی دیر بعد پیش آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بظاہر نائب صدر اس واقعے کا ہدف نہیں تھے، تاہم انہوں نے حالیہ دنوں میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ملنے والی دھمکیوں سے اس واقعے کو جوڑنے سے گریز کیا۔
انہوں نے کہا، ’میں اس بارے میں قیاس آرائی نہیں کروں گا۔ یہ صدر کے خلاف تھا یا نہیں، اس کا ابھی علم نہیں، لیکن تحقیقات میں حقیقت سامنے آ جائے گی۔‘
کوئن کے مطابق سیکرٹ سروس اہلکاروں نے ایک ’مشکوک شخص‘ کی نشاندہی کی جو بظاہر مسلح تھا۔ اہلکاروں کے قریب آنے پر وہ پیدل فرار ہو گیا، تاہم بعد ازاں اس نے ہتھیار نکال کر فائرنگ شروع کر دی۔ اس پر اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی، جس سے وہ زخمی ہو گیا اور اسے اسپتال منتقل کر دیا گیا، تاہم اس کی حالت فوری طور پر معلوم نہ ہو سکی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کے دوران ایک کم عمر راہگیر بھی معمولی زخمی ہوا۔
دوسری جانب امریکی سیکرٹ سروس نے ایک بیان میں کہا کہ واشنگٹن میں 15ویں اسٹریٹ اور انڈیپنڈنس ایونیو کے قریب پیش آنے والا یہ واقعہ اہلکاروں اور ایک مسلح شخص کے درمیان جھڑپ کا نتیجہ تھا۔ واقعے کے دوران وائٹ ہاؤس کو مختصر وقت کے لیے لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ’سیکرٹ سروس کے اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا ہے، تاہم اس کی حالت تاحال واضح نہیں۔‘
واشنگٹن ڈی سی پولیس کے مطابق ان کے اہلکار بھی موقع پر موجود ہیں اور علاقے کو محفوظ بنا لیا گیا ہے۔ تحقیقات جاری رہنے کے باعث متعدد سڑکیں کئی گھنٹوں کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ’صورتحال قابو میں ہے، تاہم شہری علاقے سے دور رہیں کیونکہ سڑکیں کئی گھنٹوں تک بند رہیں گی۔‘
حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی، جس کی وجہ گزشتہ ماہ وائٹ ہاؤس کرسپونڈنٹس ایسوسی ایشن ڈنر کے دوران پیش آنے والا ایک الگ فائرنگ کا واقعہ تھا، جس کے مرکزی ملزم کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔














