فراری کا الیکٹرک میدان میں قدم، غیر متوقع منافع کے ساتھ نئی تاریخ رقم کرنے کو تیار

منگل 5 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف اطالوی اسپورٹس کار ساز کمپنی فراری نے پہلی سہ ماہی کے مالی نتائج میں وال اسٹریٹ کی توقعات کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور سالانہ رہنمائی (گائیڈنس) بھی برقرار رکھی ہے جبکہ کمپنی اپنی پہلی مکمل الیکٹرک گاڑی کی رونمائی کے لیے تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فراری کی پہلی مکمل الیکٹرک اسپورٹس کار کی جھلک سامنے آگئی

سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ کمپنی کی فی شیئر آمدنی 2.33 یورو (2.72 ڈالر) رہی جو کہ 2.27 یورو کی متوقع سطح سے زیادہ ہے جبکہ آمدنی 1.85 ارب یورو رہی جو اندازوں کے مطابق 1.81 ارب یورو سے زیادہ ہے۔

کمپنی کی آمدنی میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 3 فیصد سے زائد اضافہ ہوا جبکہ آپریٹنگ منافع اور ایڈجسٹڈ آمدنی میں بالترتیب 1.1 فیصد اور 4.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

فراری نے 2026 کے لیے اپنی پیشگوئی میں 7.5 ارب یورو نیٹ ریونیو اور کم از کم 2.22 ارب یورو ایڈجسٹڈ آپریٹنگ منافع کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ صنعتی فری کیش فلو 1.5 ارب یورو یا اس سے زائد رہنے کی توقع ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ گاڑیوں کی ترسیل میں سالانہ بنیاد پر 4.4 فیصد کمی ہو کر 3,436 یونٹس رہ گئی جس کی وجہ کمپنی کے مطابق نئے ماڈلز کی تیاری کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے پیداوار میں عارضی کمی ہے۔

مزید پڑھیے: چار دروازوں والی فراری کی پہلی گاڑی میں اور کیا خاص ہے؟

کمپنی نے یہ بھی کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باوجود اس کی ترسیل متاثر نہیں ہوئی کیونکہ اس نے مختلف خطوں میں سپلائی کو متوازن انداز میں منظم کیا۔

یہ مالی نتائج کمپنی کی پہلی مکمل الیکٹرک گاڑی فراری لُوچے کی 25 مئی کو متوقع رونمائی سے چند ہفتے قبل سامنے آئے ہیں۔

کمپنی کے سی ای او بینیڈیٹو وِگنا کا کہنا تھا کہ فراری لُوچے کی عالمی رونمائی میں اب صرف چند دن باقی ہیں اور اس کے لیے جوش و خروش عروج پر ہے۔ یہ گاڑی جدید ٹیکنالوجی اور جذبے کا حسین امتزاج ہے جو روایت اور جدت کو یکجا کرتی ہے۔

واضح رہے کہ فراری لوشے کو فراری کی پہلی مکمل الیکٹرک گاڑی کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل کمپنی ہائبرڈ ماڈلز متعارف کرا چکی ہے لیکن مکمل طور پر بیٹری پر چلنے والی یہ اس کی پہلی بڑی پیشرفت ہے جو آٹو انڈسٹری میں بدلتے ہوئے رجحانات اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کی طرف اہم قدم سمجھی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: ’بیٹھنے میں جہاں زمانے لگے‘، برسوں پیسہ جوڑ کر فراری خریدنے والے کی خوشی چند منٹوں کی نکلی

مزید برآں وال اسٹریٹ نیویارک کا ایک مشہور مالیاتی علاقہ ہے جہاں بڑے اسٹاک ایکسچینجز، بینک اور مالیاتی ادارے موجود ہیں۔ اسی وجہ سے وال اسٹریٹ کو علامتی طور پر سرمایہ کاروں اور مالیاتی ماہرین کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ جب کہا جائے کہ کسی کمپنی نے وال اسٹریٹ کی توقعات سے بہتر کارکردگی دکھائی تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ اس کے مالی نتائج ماہرین اور سرمایہ کاروں کے اندازوں سے زیادہ بہتر رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp