ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کے بعد تاج ریزیڈنشیا اسکینڈل: متاثرین کا سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

بدھ 6 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے بلیو ایریا میں تاج ریزیڈنشیا کے متاثرین نے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔

احتجاجی مظاہرے میں متاثرین کی بڑی تعداد شریک ہوئی، مظاہرین نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر رقم واپسی کے مطالبات درج تھے۔

یہ بھی پڑھیں: تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر کوئٹہ میٹروپولیٹن کے ملازمین کا احتجاج، دھرنے کا اعلان

مظاہرین کا کہنا تھا کہ زمین موجود نہ ہونے کے باوجود کروڑوں روپے وصول کیے گئے اور انہیں ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم کیا گیا۔

شرکا نے کہاکہ گزشتہ 5 سالوں میں پلاٹوں کی مکمل ادائیگی کے باوجود انہیں پلاٹس فراہم نہیں کیے گئے۔

مظاہرین نے الزام عائد کیاکہ سردار تنویر الیاس کی ہاؤسنگ سوسائٹی تاج ریزیڈنشیا کے پاس نہ این او سی ہے اور نہ ہی زمین، اس کے باوجود شہریوں سے رقوم وصول کی گئیں۔

احتجاج کے دوران مظاہرین نے بلیو ایریا میں واقع سردار پلازہ میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی عملے نے انہیں روک دیا، جس پر مظاہرین نے مرکزی دروازے پر دھرنا دے دیا۔ احتجاجی دھرنے میں خواتین متاثرین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔

مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر انہیں پلاٹس فراہم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا، جبکہ رقم کی واپسی تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا گیا۔

مظاہرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اس معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔

ادھر تاج ریزیڈنشیا انتظامیہ نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس طلب کر لی، جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

ایس پی سٹی ڈاکٹر ایاز بھی موقع پر موجود تھے۔ انتظامیہ کی جانب سے آزاد کشمیر پولیس کی سرکاری گاڑیاں بھی طلب کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا: تنخواہوں سے محروم لوکل گورنمنٹ ملازمین کا احتجاج: ’رمضان میں بھی تنخواہ نہیں ملی‘

واضح رہے کہ تاج ریزیڈنشیا ہاؤسنگ سوسائٹی راولپنڈی میں واقع ہے، جبکہ سردار تنویر الیاس آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سینیئر رہنما ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp