کیا کامیابی انسان کے ڈی این اے میں لکھی ہوتی ہے؟ نئی تحقیق نے لوگوں کو سوچنے پر مجبور کردیا

جمعرات 7 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انسان کی کامیابی میں جینز زیادہ اہم کردار ادا کرتے ہیں یا ماحول؟ اس پر جاری برسوں پرانی بحث کو ایک نئی تحقیق نے دوبارہ توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈی این اے تحقیق میں انقلاب کی کوشش، گوگل ڈیپ مائنڈ نے نیا اے آئی ماڈل بنالیا

جرمنی کے ٹوئن لائف تحقیقی منصوبے کے تحت ہونے والی اس تحقیق میں جڑواں بچوں کا جائزہ لے کر یہ سمجھنے کی کوشش کی گئی کہ انسان کی زندگی، ذہانت اور سماجی کامیابی پر جینیاتی وراثت اور پرورش میں سے کس کا اثر زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق میں ایک جیسے اور مختلف جڑواں بچوں کا تقابل کیا گیا تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ انسان کی شخصیت، آئی کیو، تعلیم، کیریئر اور آمدنی میں ڈی این اے اور ماحول کا کتنا کردار ہے۔

23 سے 27 سال عمر کے 880 افراد پر کی گئی تحقیق کے مطابق ذہانت یا آئی کیو تقریباً 75 فیصد تک موروثی خصوصیت ہو سکتی ہے، جبکہ تعلیم، پیشہ اور آمدنی سمیت سماجی و معاشی حیثیت میں اس کا اثر 69 سے 90 فیصد تک دیکھا گیا۔

تحقیق کے مرکزی مصنف اور ماہرِ نفسیات پیٹری کاجونیئس کے مطابق نتائج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ انسان کی شخصیت اور کامیابی میں جینز کا کردار پہلے کے اندازوں سے بھی زیادہ مضبوط ہو سکتا ہے۔

مزید پڑھیے: انسانوں کے ڈی این اے میں ایلینز کے جینز شامل ہوچکے، امریکی محقق کا دعویٰ

یہ تحقیق، جو سائنسی جریدے سائنٹیفک رپورٹس میں شائع ہوئی اس تصور کو بھی چیلنج کرتی ہے کہ صرف خوشحال یا بہتر گھریلو ماحول ہی کامیابی کی ضمانت ہوتا ہے۔

محققین کے مطابق بعض اوقات انسان کی موروثی صلاحیتیں اور فطری خصوصیات اسے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں زیادہ مدد دیتی ہیں۔

مطالعے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کسی شخص میں مضبوط جینیاتی رجحانات موجود ہوں تو صرف تعلیمی پروگرامز یا سماجی مداخلتوں کے ذریعے اس کی زندگی کا مکمل رخ تبدیل کرنا آسان نہیں ہوتا۔

تحقیق کے مطابق والدین کی بعض غلطیاں بھی شاید بچوں کے مستقبل پر اتنا گہرا اثر نہ ڈالیں جتنا عام طور پر سمجھا جاتا ہے کیونکہ کئی بنیادی خصوصیات فطری طور پر مضبوط رہتی ہیں۔

تاہم محققین نے اعتراف کیا کہ جینز اور ماحول کو مکمل طور پر الگ الگ سمجھنا مشکل ہے کیونکہ دونوں ایک دوسرے سے جڑے ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر کسی بچے کا آئی کیو بلند ہو تو وہ خود بھی ایسے ماحول کی طرف مائل ہو سکتا ہے جو اس کی ذہنی صلاحیت کو مزید بڑھائے۔

مزید پڑھیں: صدر پیوٹن سے ملاقات کے بعد کِم جونگ اُن کے ڈی این اے کے نشانات مٹانے کی ویڈیووائرل

اس کے باوجود ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق اس بات کی جانب واضح اشارہ دیتی ہے کہ ذہانت اور زندگی کے نتائج کی تشکیل میں جینیات کا کردار نہایت اہم ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp