بینظیر نشو و نما پروگرام کے مثبت نتائج، پاکستان میں بچوں کی نشوونما کی شرح میں نمایاں بہتری

جمعہ 8 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت جاری بینظیر نشوونما پروگرام (بی این پی) کے حوالے سے آغا خان یونیورسٹی کی آزادانہ جائزہ رپورٹ میں پاکستان میں بچوں کی نشوونما کی کمی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

آغا خان یونیورسٹی کی جانب سے کیے گئے اختتامی اثراتی جائزے کے مطابق مستفید بچوں میں 6 ماہ کی عمر تک نشو و نما کی کمی کی شرح میں 22 فیصد جبکہ ایک سال کی عمر تک 18 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔

رپورٹ میں کم وزن بچوں کی پیدائش میں 6 فیصد، قبل از وقت پیدائش میں 11 فیصد اور کمزور و نازک نومولود بچوں کی شرح میں 7 فیصد کمی بھی سامنے آئی ہے۔

یہ نتائج اسلام آباد میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ بی این پی کے اختتامی اثراتی جائزہ اجلاس کے دوران پیش کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے جعلی ٹریفک چالان تک، اسکیمرز شہریوں کو کیسے لوٹ رہے ہیں؟

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ یہ نتائج پاکستان کے سماجی تحفظ کے نظام کے لیے ایک بڑی کامیابی ہیں۔

ان کے مطابق غذائیت اور زچہ و بچہ کی صحت کے مربوط اقدامات بچوں کی صحت بہتر بنانے اور کمزور طبقات میں نشوونما کی کمی کم کرنے میں مؤثر ثابت ہو رہے ہیں۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی این پی ایک اہم پروگرام ہے کیونکہ صحت مند مائیں اور بچے ہی ایک مضبوط اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام ملک کے 157 اضلاع میں 578 سہولت مراکز اور 169 اسٹیبلائزیشن سینٹرز کے ذریعے 45 لاکھ سے زائد خواتین اور بچوں تک خدمات فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحقیق میں ظاہر ہونے والی بہتری اس بات کا ثبوت ہے کہ بہتر سہولیات تک رسائی سے ماں اور بچے دونوں کی صحت میں نمایاں فرق آتا ہے۔ بی آئی ایس پی سماجی تحفظ کو غذائیت اور صحت کے نظام کے ساتھ جوڑ کر انسانی ترقی کو فروغ دے رہا ہے۔

اس موقع پر نیشنل کمیشن آن دی رائٹس آف چائلڈ کی رکن عائشہ رضا فاروق نے بھی خطاب کیا اور بچوں کی ابتدائی نشوونما میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ حمل سے لے کر بچے کی دو سال کی عمر تک کے پہلے ایک ہزار دن جسمانی و ذہنی نشوونما کے لیے انتہائی اہم ہوتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp