ڈھاکہ ٹیسٹ: دوسرے روز جلد وکٹیں لے کر بنگلادیشی اننگز کا خاتمہ کریں گے، محمد عباس

جمعہ 8 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس نے بنگلادیش کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا ہے کہ پاکستانی بولرز دوسرے روز کھیل کے آغاز میں ہی جلد وکٹیں حاصل کر کے میزبان ٹیم کی اننگز کو محدود کر دیں گے۔

ڈھاکہ میں کھیلے جا رہے اس میچ کے پہلے دن بنگلادیشی بلے بازوں نے پراعتماد کھیل پیش کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنا کر اپنی پوزیشن مستحکم کرلی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈھاکا ٹیسٹ: پاکستان کیخلاف بنگلہ دیش کی گرفت مضبوط، شانتو کی شاندار سینچری

محمد عباس کا کہنا تھا کہ وہ پہلے دن کے کھیل کو مکمل طور پر مایوس کن قرار نہیں دیتے کیونکہ ٹیم نے وکٹ کے حصول کے لیے جی توڑ محنت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ٹیسٹ میچ کے پہلے روز ہم تھوڑے بدقسمت رہے، کچھ مواقع پر اچھی بولنگ ہوئی اور کچھ پر نہیں، تاہم دوسرے روز ہماری پوری کوشش ہوگی کہ بنگلادیشی ٹیم کو جلد آؤٹ کیا جائے۔‘

عباس نے پچ کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے بتایا کہ بظاہر اوپر گھاس نظر آرہی تھی لیکن پچ اندر سے خشک تھی، جبکہ گرم موسم نے بھی بولرز کا امتحان لیا۔ ان کے مطابق یہ ایک متوازن کرکٹ پچ ہے جسے محض ’بیٹنگ پچ‘ قرار دینا درست نہیں ہوگا۔

پاکستانی فاسٹ بولر نے اس بات کا اعتراف کیا کہ اسٹار بیٹر بابر اعظم کی انجری کے باعث ٹیم میں عدم موجودگی کا نقصان ضرور ہوا ہے۔ بولرز کی جانب سے کی گئی غلطیوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اضافی کوشش کے چکر میں اکثر نو بالز ہو جاتے ہیں لیکن ایسا ہونا نہیں چاہیے، خاص طور پر نعمان علی سے اتنے زیادہ نو بالز کی توقع نہیں تھی۔‘

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش نے پاکستان کو دوسرا ٹیسٹ میچ بھی ہرا کر پہلی بار سیریز اپنے نام کرلی

انہوں نے نئے کھلاڑیوں اذان اویس اور عبداللہ فضل کے حوالے سے کہا کہ دونوں اچھے بیٹرز ہیں جنہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین رنز کر کے ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔ واضح رہے کہ پہلے دن بنگلادیشی بلے بازوں نے پاکستانی بولنگ لائن کا بھرپور مقابلہ کیا اور ایک بڑا مجموعہ ترتیب دینے کی راہ ہموار کر لی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp