نیویارک میں ’کتابوں کے بغیر‘ بُک اسٹور، نیا تجربہ متعارف

پیر 11 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آڈیو بکس کی معروف کمپنی آڈیبل نے نیویارک میں ایک منفرد ’کتابوں کے بغیر کتابوں کی دکان‘ کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد روایتی کتابوں کے بجائے صرف آڈیو کہانیوں کے تجربے کو فروغ دینا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کتابوں کا عاشق افسانہ نگار

ایمیزون کی ذیلی کمپنی آڈیبل کی جانب سے مین ہیٹن کے لوئر ایسٹ سائیڈ میں قائم اس عارضی اسٹور کو ’آڈیبل اسٹوری ہاؤس‘ کا نام دیا گیا ہے، جہاں روایتی کتابیں یا شیلف پر رکھی طباعت شدہ کتب موجود نہیں ہیں۔

آڈیبل کے چیف ایگزیکٹو باب کیریگن کے مطابق یہ ایک مکمل طور پر ایسا فزیکل اسپیس ہے جو آڈیو کہانی سنانے کے تجربے کو حقیقی انداز میں پیش کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ خیال ابتدا میں تھوڑا غیر معمولی ضرور تھا لیکن اسے عملی شکل دینے کے لیے تخلیقی سوچ اور جدت کی ضرورت تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس عارضی اسٹور کا مقصد لوگوں کو ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جہاں وہ آڈیو کہانیوں کو نہ صرف سن سکیں بلکہ اس سے جڑ بھی سکیں اور دوسروں کے ساتھ تجربہ شیئر کر سکیں۔

امریکی آڈیو پبلشرز ایسوسی ایشن کے مطابق 2024 میں امریکا میں آڈیو بکس کی فروخت 2.22 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جو گزشتہ 5 سالوں میں تقریباً دگنا اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

مزید پڑھیے: 2025: کیا کتابیں پڑھیں، کیا اخذ کیا؟

اس اسٹور میں روایتی کتابوں کی جگہ ’اسٹوری ٹائلز‘ نامی آڈیو ڈیوائسز رکھی گئی ہیں جنہیں ہیڈفونز کے ذریعے سنا جا سکتا ہے۔ ہر ٹائل میں کسی کتاب یا کہانی کا مختصر حصہ شامل ہوتا ہے جبکہ مکمل مواد آڈیبل ایپ کے ذریعے دستیاب ہوتا ہے۔

اس جگہ پر ایک خاص کمرہ بھی بنایا گیا ہے جہاں اسپیکرز کے ذریعے آڈیو کہانیاں سنی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ ایک ’لسننگ بار‘ بھی قائم کیا گیا ہے جہاں ماہر رہنما (اسٹوری ٹینڈرز) زائرین کو ان کی پسند کے مطابق بہترین آڈیو بکس منتخب کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق یہ منصوبہ آڈیو بکس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور لوگوں کے آف لائن تجربات اور حقیقی دنیا میں رابطے کے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: محبت، کتابیں اور دستوئیفسکی کے ’بیچارے لوگ‘

آڈیبل کا کہنا ہے کہ یہ اسٹور پرانی کتابی ثقافت کی یاد تازہ کرتے ہوئے اسے جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ جوڑتا ہے تاکہ سننے کا تجربہ زیادہ دلچسپ اور مربوط بنایا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp