وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات صرف سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ یہ رشتہ مشترکہ عقیدے، تاریخ، تہذیب اور اخوت کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔
انہوں نے یہ بات ترکیہ کے سفارتخانے میں ’آپ ﷺ کے نقش قدم‘ کے موضوع پر مضمون نویسی کے مقابلے میں کامیاب طلبہ میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وفاقی وزیر نے تقریب کے انعقاد پر ترکیہ کے سفارتخانے اور دفترِ مشاورت برائے مذہبی امور کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ نے ہمیشہ امت مسلمہ کے اجتماعی مفاد، امن، استحکام اور علمی و روحانی ترقی کے لیے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور یہ تعاون آج بھی بھرپور انداز میں جاری ہے۔
انہوں نے کہاکہ حضور نبی اکرم ﷺ پوری انسانیت کے لیے کامل نمونہ ہیں اور آپ ﷺ کی تعلیمات عدل، برداشت، رحم، اخوت، احترام انسانیت اور معاشرتی انصاف کا روشن پیغام دیتی ہیں۔ موجودہ دور میں دنیا کو درپیش اخلاقی بحرانوں اور نفرتوں کا حقیقی حل سیرتِ طیبہ ﷺ میں موجود ہے۔
سردار محمد یوسف نے کہاکہ وزارت مذہبی امور قرآن و سیرت کے فروغ، نوجوان نسل کی اخلاقی و فکری تربیت اور اسلامی اقدار کے احیا کے لیے مسلسل سرگرم عمل ہے۔ اسی مقصد کے تحت ہر سال قومی سیرت النبی ﷺ کانفرنس، مقابلہ جات اور دیگر علمی و تحقیقی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ نوجوانوں میں سیرتِ نبوی ﷺ کے مطالعے اور تحقیق کا رجحان فروغ پائے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت کی جانب سے قومی مقابلہ حسنِ قرأت و حفظِ قرآن بھی باقاعدگی سے منعقد کیا جاتا ہے، جبکہ حال ہی میں پاکستان نے بین الاقوامی مقابلہ حسنِ قرأت و حفظِ قرآن کی میزبانی کا اعزاز بھی حاصل کیا جس میں او آئی سی کے 40 سے زیادہ ممالک کے قرا اور حفاظ نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر کے مطابق قرآن و سیرت ہی وہ سرچشمے ہیں جن سے قومی یکجہتی، بین المذاہب ہم آہنگی اور عالمی امن کو فروغ ملتا ہے، اسی لیے حکومت نوجوان نسل کو قرآن و سنت سے جوڑنے کے لیے مختلف علمی و تربیتی پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے مضمون نویسی کے مقابلے میں کامیاب طلبہ، ان کے والدین، اساتذہ اور منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان اور ترکیہ کے درمیان علمی، روحانی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی کو مزید مستحکم فرمائے اور امت مسلمہ کو اتحاد و استحکام عطا کرے۔














