جامعات میں آئی ٹی تعلیم کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے لائحہ عمل پیش کیا جائے، وزیراعظم کی ہدایت

بدھ 13 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ جامعات میں آئی ٹی تعلیم کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم یوتھ پروگرام کے جاری منصوبوں کی پیشرفت اور آئندہ سال کے لیے نئے منصوبوں کی تجاویز پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہاکہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں عالمی معیار کی تعلیم و تربیت دینے کے لیے اقدامات میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ہدایت کی کہ جامعات میں آئی ٹی تعلیم کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یوتھ پروگرام کو نوجوانوں کی تکنیکی و فنی تربیت پر خصوصی توجہ دینی چاہیے تاکہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع بڑھ سکیں۔

وزیرِ اعظم نے نوجوانوں کے لیے کاروبار شروع کرنے کی مختلف آسان قرضہ اسکیموں کو ایک چھتری تلے لانے کی بھی ہدایت کی، جبکہ کم آمدن اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کے لیے یوتھ پروگرام کو وزارت صنعت کے ساتھ تعاون کی تاکید کی۔

انہوں نے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔

اجلاس میں یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب کے قیام کے بعد اب تک 8 لاکھ سے زائد نوجوان اور 2 ہزار سے زیادہ ادارے رجسٹر ہو چکے ہیں، جبکہ روزانہ کی بنیاد پر 4800 سے زائد درخواستیں موصول ہو رہی ہیں جن کی جانچ کے بعد شمولیت یقینی بنائی جاتی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لونز کے تحت اب تک 2 لاکھ 87 ہزار سے زائد نوجوانوں کو 122.5 ارب روپے کے آسان قرضے دیے جا چکے ہیں، جس کے نتیجے میں 9 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔

بریفنگ کے مطابق ہر قرض کے بدلے اوسطاً 3 سے زائد نئے روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ملک کی پہلی یوتھ اینڈ ایڈولیسنٹ پالیسی اور پہلی یوتھ روزگار پالیسی تیار کی جا چکی ہے، جبکہ قومی یوتھ کونسل کا قیام اور وزیراعظم اسپورٹس اینڈ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق اسپورٹس اینڈ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت رواں سال 4 لاکھ نوجوانوں نے حصہ لیا، جس کے ذریعے محروم اور متوسط طبقے کے نوجوانوں کو اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کا موقع ملا۔

’اس پروگرام سے ابھرنے والے متعدد کھلاڑیوں نے پاکستان سپر لیگ میں بھی شمولیت اختیار کی۔ اجلاس میں مکس مارشل آرٹس، فیفا ایرینا اور ای اسپورٹس کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔‘

اجلاس میں یوتھ پروگرام کے تحت نئے مجوزہ منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی میں 45 روز کی توسیع پر اتفاق

ڈیزل اور پیٹرول کی فی لیٹر قیمتوں میں 5،5 روپوں کی کمی کردی گئی

امریکا نے پولینڈ میں 4 ہزار فوجیوں کی تعیناتی کا منصوبہ منسوخ کردیا

فاطمہ ثنا کا ایک اور سنگ میل: صرف 15 گیندوں پر نصف سینچری بناکر ٹی 20 کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

ڈاکٹر انعم فاطمہ پر ٹرولنگ، پی ٹی آئی کا خواتین کے ساتھ رویہ ایک بار پھر آشکار

ویڈیو

کوکین کوئین کے خلاف اگر منشیات اور اسلحہ رکھنے کا جرم ثابت ہوجائے تو مجموعی طور پر کتنی سزا ہوسکتی ہے؟

امریکا چین مذاکرات میں تجارت پر بات، اور روبیو کے نام سے جڑا دلچسپ معاملہ، آبنائے ہرمز بھی زیرِ بحث

پاکستان کا پہلا پانڈا بانڈ اجرا، وزیر خزانہ نے چین کے ساتھ مالی تعاون کو تاریخی سنگ میل قرار دے دیا

کالم / تجزیہ

جب محافظ ہی زہر فروشوں کے نگہبان بن جائیں

کبھی آپ نے ‘ناکامی’ کی تقریب منائی ہے؟

زخمی کھلاڑی کی شاندار اننگز