’فاسٹ اینڈ فیوریس‘ کی 25ویں سالگرہ: ون ڈیزل کا پال واکر کو خراجِ تحسین، کانز میں جذباتی مناظر

جمعرات 14 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کانز فلم فیسٹیول میں دی فاسٹ اینڈ دی فیوریس کی خصوصی اسکریننگ کے دوران جہاں ہالی ووڈ کی مشہور ایکشن فرنچائز کے 25 سال مکمل ہونے کا جشن منایا گیا وہیں مرحوم اداکار پال واکر کو خراجِ عقیدت تقریب کا سب سے جذباتی لمحہ بن گیا۔

اس موقع پر مرکزی اداکار وِن ڈیزل اسٹیج پر انتہائی جذباتی نظر آئے۔ تقریب میں پال واکر کی صاحبزادی میڈو واکر بھی موجود تھیں جن کی شرکت نے ماحول کو مزید رقت آمیز بنا دیا۔

وِن ڈیزل نے اس موقع پر سیاہ رنگ کی جیکٹ زیب تن کی ہوئی تھی جس پر ‘Fast Forever’ لکھا ہوا تھا، جو فرنچائز کے مستقبل اور مرحوم ساتھی کے ساتھ ان کے گہرے تعلق کی علامت تھا۔ اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ وہ دعا کرتے ہیں کہ ہر شخص کی زندگی میں پال واکر جیسا بھائی موجود ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ پال واکر کے ساتھ ان کی دوستی اسکرپٹ کا حصہ نہیں تھی بلکہ ایک حقیقی رشتہ تھا جو وقت کے ساتھ بھائی چارے میں تبدیل ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ سے متعلق پوسٹ لائک کرنے پر کام سے برطرف کیا گیا، ہالی ووڈ اداکارہ کیٹ بیکنسیل کا دعویٰ

تقریب کے دوران وِن ڈیزل نے میڈو واکر کو گلے لگایا اور جذبات پر قابو پانے کی کوشش کرتے نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ میڈو واکر نے اکیلے شرکت سے انکار کرتے ہوئے اس بھائی چارے کی نمائندگی کے لیے ان کے ساتھ آنے کا فیصلہ کیا۔

اسکریننگ کے بعد وِن ڈیزل نے مداحوں سے دوبارہ خطاب کرتے ہوئے فرنچائز کی کامیابی اور تسلسل کا کریڈٹ شائقین کو دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ’فاسٹ اینڈ فیوریس‘ کی آخری فلم 2028 میں ریلیز کی جائے گی جو مداحوں کی محبت اور وفاداری کا نتیجہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں مداح ہالی ووڈ اداکار کیانو ریوز کی ’یورین‘ سے بھری بوتل ہی لے اڑا

تقریب میں فرنچائز کے دیگر اہم افراد بھی شریک تھے جن میں جورڈانا بریوسٹر، مشیل روڈریگز، پروڈیوسر نیل ایچ مورس اور یونیورسل پکچرز کی چیئرپرسن ڈونا لینگلی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ دی فاسٹ اینڈ دی فیوریس فرنچائز کا آغاز 2001 میں ہوا تھا اور یہ ہالی ووڈ کی سب سے کامیاب ایکشن سیریز میں شمار ہوتی ہے جس کی اب تک 11 فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں۔ 2015 میں ریلیز ہونے والی فیوریس 7 پال واکر کی آخری فلم تھی کیونکہ ان کا 2013 میں انتقال ہو گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp