پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سربراہی کی جنگ مزید تیز ہوگئی، وزارت بین الصوبائی رابطہ نے نجم سیٹھی کو مزید توسیع نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، وزارت کی جانب سے پی سی بی کے اگلے سربراہ کے طور پر ذکا اشرف کو نامزد کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے پیپلزپارٹی کی حمایت حاصل کرنے کے لیے کوششیں تیز کرتے ہوئے پی پی پی کی قیادت سے رابطے کی کوششیں تیز کردی ہیں جبکہ دوسری جانب وزارت بین الصوبائی رابطہ نے نجم سیٹھی کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی کو مزید توسیع نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نے پیپلزپارٹی کی حمایت حاصل کرنے کے لیے آصف علی زرداری سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی ہے لیکن تاحال ان کی آصف علی زرداری سے ملاقات نہیں ہوسکی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ نے نجم سیٹھی کی سربراہی میں قائم ہونے والی عبوری کمیٹی کو مزید توسیع نہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے ذکاء اشرف کا نام پی سی بی کے سربراہ کے طور پر وزیراعظم کو تجویز کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت بین الصبوائی رابطہ نے عبوری کمیٹی کو اپریل میں دو مہینوں کی مزید توسیع دی تھی جو 21 جون کو ختم ہو جائے گی۔
پی سی بی کے ایسوسی ایشن اور کلبز کی جانب سے بھی متعدد شکایات وزارت بین الصوبائی رابطہ کو موصول ہوچکی ہیں جبکہ پی سی بی کی عبوری کمیٹی نے اب تک کی جانی والی بھرتیوں پر بھی وزارت کو کوئی جواب نہیں دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ذکا اشرف کو پی سی بی کا سربراہ بنانے کا ٹاسک وفاقی وزیراحسان مزاری کو دے دیا ہے جس کے بعد ذکاء اشرف گزشتہ تین روز سے اسلام آباد میں ہی موجود ہیں۔
پیپلز پارٹی کے وزیر نے ذکا اشرف کا نام وزیر اعظم کو بھجوا دیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سربراہی کے لیے ذکا اشرف بھی متحرک ہوگئے، ذکاء اشرف نے پیپلز پارٹی کے وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری سے اہم ملاقات کی جس کے بعد وفاقی وزیراحسان مزاری نے ذکا اشرف کا نام وزیر اعظم کو بھجوا دیا۔
ذکا اشرف نے وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری سے ملاقات میں پی سی بی کی سربراہی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا، جس کے بعد وفاقی وزیر نے ذکا اشرف کو پی سی بی کی سربراہی کے لیے معاونت کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری نے وزیر اعظم کو ذکا اشرف کا نام تجویز کرتے ہوئے کہا کہ یہ وزارت ہماری ہے اس لیے چیئرمین پی سی بی بھی ہمارا ہونا چاہیے۔
نجم سیٹھی کی وزیر اعظم سے ملاقات
پی سی بی میجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور احسن اقبال بھی موجود تھے۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے وزیراعظم کو مینجمنٹ کمیٹی سے متعلق اب تک ہونے والی تمام پیش رفت سے آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کرکٹ بورڈ میں مزید کام کرنے کے خواہشمند ہیں، پیپلز پارٹی نے پی سی بی چئیرمین کے لیے ذکا اشرف کا نام تجویز کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی اتحاری جماعت پاکستان پیپلزپارٹی کا مطالبہ ہے کہ ذکا اشرف کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا سربراہ تعینات کیا جائے۔ پی پی پی کی طرف سابق چئیرمین پی سی بی ذکا اشرف کا نام شہباز شریف کو بھیج دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ذکاء اشرف پہلے بھی چیئرمین پی بی سی رہ چکے ہیں۔