جاپان میں ریچھوں کے حملوں میں ریکارڈ اضافے کے بعد ‘مانسٹر وولف’ روبوٹ کی مانگ میں تیزی

جمعرات 14 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جاپان میں ریچھوں کی آبادی میں اضافے اور انسانوں پر ان کے حملوں کے ریکارڈ ٹوٹنے کے بعد ‘مانسٹر وولف’ نامی روبوٹ کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ہوکائیدو کی کمپنی ‘اوہتا سیکی’ کا تیار کردہ یہ روبوٹ بھیڑیے کی شکل کا ہے جو شمسی توانائی سے چلتا ہے اور اس کا مقصد کھیتوں کو ریچھوں سے محفوظ رکھنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ریچھ کی بیکری میں گھسنے کی ناکام کوشش، دلچسپ ویڈیو منظر عام پر

اس روبوٹ میں موشن سینسرز، سرخ ایل ای ڈی لائٹس اور بھیڑیے کے غرانے سمیت 50 سے زائد خوفناک آوازیں نصب ہیں جو ریچھوں کو ڈرا کر بھگانے کے کام آتی ہیں۔

کمپنی کے صدر یوجی اوہتا کے مطابق انہیں اس سال اتنے زیادہ آرڈرز مل چکے ہیں جو عام طور پر پورے سال میں بھی نہیں ملتے تھے، جس کی وجہ سے اب خریداروں کو دو سے تین ماہ کا انتظار کرنا پڑرہا ہے۔

یہ روبوٹ نہ صرف ماحول دوست ہے بلکہ اس کی دیکھ بھال کے اخراجات بھی تقریباً نہ ہونے کے برابر ہیں، جس کی وجہ سے کسان، گالف کورسز کے مالکان اور دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگ اسے تیزی سے اپنا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جاپان میں ریچھوں کے بڑھتے حملے، حکومت نے فوج تعینات کردی

جاپان میں ریچھوں کا خطرہ اس وقت سنگین صورتحال اختیار کرچکا ہے، جہاں سال 2025 میں ریچھوں کے حملوں سے 13 ہلاکتیں اور 200 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

پورے ملک میں ریچھوں کے نظر آنے کے واقعات 50 ہزار سے تجاوز کر چکے ہیں اور اب یہ جانور روزانہ کی بنیاد پر اسکولوں، سپر مارکیٹوں اور رہائشی علاقوں کے قریب دیکھے جا رہے ہیں، جس نے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp