’بلاول بھٹو کو شازیہ مری سے معذرت کرنی چاہیے‘، پریس کانفرنس کے دوران سخت رویے پر چیئرمین پیپلز پارٹی تنقید کی زد میں

جمعہ 15 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ایک پریس کانفرنس کے دوران پارٹی رہنما شازیہ مری کے ساتھ گفتگو سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئی۔

پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ بعض وزرا کی جانب سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو صوبوں کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ اس پر بلاول بھٹو زرداری نے پوچھا کہ یہ بات کس وزیر نے کی ہے۔

اسی دوران شازیہ مری نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیان کھیئل داس کوہستانی کی جانب سے دیا گیا تھا۔ جس پر بلاول بھٹو نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا ’میں نے آپ سے نہیں پوچھا‘۔

اس پر شازیہ مری نے معذرت کرتے ہوئے وضاحت دی کہ وہ صرف معلومات فراہم کر رہی تھیں۔ جس پر بلاول بھٹو نے انہیں ’تھینک یو‘ کہا اور صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ہر شخص کو اپنی رائے اور مطالبہ پیش کرنے کا حق حاصل ہے۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف ردِعمل سامنے آئے۔ صارفین نے بلاول بھٹو کے اندازِ گفتگو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی سینئر رہنما شازیہ مری سے اس لہجے میں گفتگو مناسب نہیں تھی۔

پرویز سندھیلا لکھتے ہیں کہ بلاول بھٹو زرداری سے اگر ان سے غلطی ہوئی ہے تو انہیں خاتون ممبر اسمبلی سے باقاعدہ معذرت کرنی چاہیے۔ پارٹی سربراہان کا اپنے ہی لیڈران اور ورکرز کے ساتھ نامناسب رویہ سیاسی کلچر کے لیے اچھا پیغام نہیں دیتا۔

وسیم عباسی نے لکھا کہ  یہ واقعہ کچھ غیر معمولی محسوس ہوتا ہے، کیونکہ عمومی طور پر اپنی جماعت کے رہنماؤں کے ساتھ شائستہ اور احترام پر مبنی رویے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ بظاہر وہ متعلقہ وزیر کے بیان سے لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے کوئی سیاسی مؤقف اجاگر کرنا چاہتے تھے، تاہم شازیہ مری کی فوری مداخلت سے وہ تاثر برقرار نہ رہ سکا۔

عمران اعظم لکھتے ہیں کہ بلاول بھٹو کو شازیہ مری سے معذرت کرنی چاہیے یہ ایک مثبت اور باوقار اقدام ہوگا۔ میڈیا کے سامنے اس طرح کا سخت یا متکبرانہ انداز یقیناً پیپلز پارٹی کے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہوگا۔

ایک صارف کا کہنا تھا کہ کیا یہی وہ نام نہاد ’سیاسی تربیت‘ ہے جس پر فخر کیا جاتا ہے؟ بزرگوں کی توہین کرنا، خواتین سے غیر مہذب انداز میں بات کرنا، اور پھر یہ توقع رکھنا کہ شازیہ مری فوراً ’سوری سر‘ کہہ کر معاملہ ختم کر دیں۔ سیاسی غرور اور تکبر کو قیادت نہیں کہا جا سکتا۔

فیصل عباس کھر کہتے ہیں کہ ایک خاتون کیساتھ بلاول بھٹو کا یہ رویہ انتہائی افسوناک ہے۔

محمد فہیم نے کہا کہ بلاول بھٹو کا کیمروں کے سامنے ایک سینئر پارٹی رہنماشازیہ مری کیساتھ یہ رویہ انتہائی افسوسناک ہے سیاسی جماعتوں میں کارکنان اور رہنمائوں کی عزت کی جاتی ہے ایک سینئر رہنما کا یہ حال ہے تو ورکر کی کیا حیثیت ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp