ایران کے لیے وقت تیزی سے ختم ہورہا ہے، اسے فوری اقدامات کرنا ہوں گے، ڈونلڈ ٹرمپ کی تہران کو وارننگ

اتوار 17 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کے لیے وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے اور اسے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہاکہ ایران کو بہت تیزی سے آگے بڑھنا ہوگا، ورنہ ان کے پاس کچھ نہیں بچے گا، وقت انتہائی اہم ہے۔

امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے پوری دنیا متاثر ہورہی ہے، تاہم پاکستان کی درخواست پر جنگ بندی تاحال برقرار ہے۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا نے ایران کے ساتھ جنگ بندی پاکستان کی درخواست پر کی۔

صدر ٹرمپ نے چین سے واپسی کے دوران ایئر فورس ون پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں حقیقت میں اس کے حق میں نہیں تھا لیکن ہم نے یہ پاکستان کے فائدے کے لیے کیا۔

انہوں نے پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل شاندار لوگ ہیں۔

واضح رہے پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے بھرپور سفارتکاری کررہا ہے۔

اس سے قبل ایران اور امریکا کے نمائندوں کے درمیان اسلام آباد میں مذاکرات کا ایک دور ہو چکا ہے، جس میں کسی حتمی معاہدے پر اتفاق نہیں ہو سکا تھا۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آج ایک تازہ انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور اور خطے میں مکمل امن کے لے پرامید ہیں، اور اس کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp