بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو اس کا جغرافیہ بدل دیں گے، وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبردار کردیا

پیر 18 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو اس کا جغرافیہ بدل کر اسے تاریخ کا حصہ بنا دیا جائے گا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت کو پہلے بھی جو نقصان پہنچا ہے وہ ابھی تک اسے محسوس کررہا ہے، اور اگر دوبارہ اشتعال انگیزی کی گئی تو اس کے نتائج مزید سنگین ہوں گے۔

مزید پڑھیں: پاکستان بھارت جنگ کے بعد دونوں ملکوں کے وزرائے دفاع کی پہلی بار ملاقات متوقع

وزیر دفاع نے واضح الفاظ میں کہاکہ بھارت اگر دوبارہ للکارے گا تو اسے ایسا جواب دیا جائے گا کہ اس کا جغرافیہ تبدیل ہو جائے گا اور وہ تاریخ کا حصہ بن جائے گا۔

انہوں نے ایران سے متعلق سوال پر کہاکہ امریکا یا اسرائیل کی جانب سے ایران پر دوبارہ حملے کا امکان نظر نہیں آتا کیونکہ دیگر ممالک جنگ کے حق میں نہیں ہیں۔

خواجہ محمد آصف نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے کابینہ میں ابھی تک کوئی بات نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی ایس پی آر نے بھارتی آرمی چیف کے ایک حالیہ انٹرویو کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے اس پر سخت ردعمل دیا تھا۔

بھارتی آرمی چیف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ جغرافیہ اور تاریخ کا حصہ بننا چاہتا ہے یا نہیں۔

اس پر آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاکستان ایک تسلیم شدہ ایٹمی طاقت اور خطے کا اہم ملک ہے، جو جنوبی ایشیا کی تاریخ اور جغرافیہ کا ناقابلِ تردید حصہ ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوجی قیادت کے ایسے بیانات ظاہر کرتے ہیں کہ وہ پاکستان کے وجود کو تسلیم کرنے میں مشکل کا شکار ہے اور 8 دہائیاں گزرنے کے باوجود درست نتائج اخذ نہیں کر سکی۔

مزید پڑھیں: معرکۂ حق: چند ہی گھنٹوں میں جنگ بندی پر بھارتی آمادگی نے پاکستان کی برتری ثابت کر دی

یاد رہے کہ گزشتہ برس مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک معرکہ ہوا تھا، جس میں پاکستان نے بھارت کو شکست فاش دی، اور پھر امریکا کے کہنے پر جنگ بندی ہوئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp