’تیرا ساتھ ہے کتنا پیارا‘: شادی کی 42 ویں سالگرہ پر انیل کپور کا اہلیہ سنیتا کو خراج تحسین

منگل 19 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ کے اپنے وقت کے سپر اسٹار انیل کپور نے اہلیہ سنیتا کپور کے ساتھ 42 ویں شادی کی سالگرہ پر اپنی شادی کے سادہ لمحات کو یاد کرتے ہوئے انسٹاگرام پر چند نایاب تصاویر شیئر کیں اور رفیقہ حیات کے لیے زبردست تعریفی کلمات بھی تحریر کیے۔

یہ بھی پڑھیں: ’پاکستان آنے کے لیے ترس رہا ہوں‘، انیل کپور کی ویڈیو دوبارہ وائرل

ان تصاویر میں ایک تصویر ان کی شادی کے دن کی ہے جبکہ دیگر تصاویر ان کے ساتھ گزارے گئے اہم لمحات کو دکھاتی ہیں۔

انیل کپور نے ان تصاویر کے ساتھ ایک دل کو چھو لینے والا پیغام بھی لکھا جس میں انہوں نے سنیتا کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ہر لمحے ان کے ساتھ رہیں اور ہر مرحلے میں ان کا ساتھ دیا۔

مزید پڑھیے: انیل کپور کا ڈائیلاگ ’جھکاس‘ کس فلم سے زبان زد عام ہوا؟

انہوں نے لکھا کہ’42  سال کی شادی۔ 53 سال کی زندگی ساتھ اور ہر سال پہلے سے بھی زیادہ مکمل محسوس ہوتا ہے۔ ہماری شادی سب سے سادہ تھی، صرف 30 منٹ کی تقریب، نہ ہنی مون، نہ کوئی دھوم دھام، صرف والدین، چند قریبی دوست اور ہم دونوں۔ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ 30 منٹ کی تقریب اتنی طویل رفاقت میں بدل جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہا جاتا ہے شادیاں آسمانوں میں طے ہوتی ہیں اور ہمارا معاملہ بھی ایسا ہی ہے‘۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by anilskapoor (@anilskapoor)

انیل کپور نے کہا کہ ’میں نے پہلے بھی کہا ہے اور ہمیشہ کہوں گا، تم وہ وجہ ہو جس کی بدولت سب کچھ ممکن ہوا۔ تمہارے ساتھ ہونے کی وجہ سے میں ہر خواب کے پیچھے جا سکا، ہر خطرہ لے سکا، ہر سیٹ پر دکھا سکا۔ کیونکہ میں جانتا تھا کہ تم سب کچھ محبت اور وقار کے ساتھ سنبھال رہی ہو۔ 53 سال تک ہر روز مجھے تم نے چنا اور میں اس کا ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کرتا۔ میری بہترین دوست، میری ساتھی، میری سب کچھ، شادی کی سالگرہ مبارک، میری محبت۔ آگے بھی ہمارا سفر جاری رہے‘۔

واضح رہے کہ انیل اور سنیتا کپور نے شادی سے پہلے تقریباً ایک دہائی تک ایک دوسرے کے قریبی دوست رہے اور پھر سنہ 1984 میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp