ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے 2 بھارتی کوہ پیما جیت کر جان کی بازی ہار گئے

جمعہ 22 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کے بعد واپسی کے دوران 2 بھارتی کوہ پیما ہلاک ہو گئے۔ نیپالی حکام کے مطابق دونوں کوہ پیما شدید تھکن اور دشوار موسمی حالات کے باعث نیچے اترتے ہوئے جانبر نہ ہو سکے۔ نیپالی حکام نے جمعہ کے روز اس افسوسناک واقعے کی تصدیق کی۔

یہ افسوسناک واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب متعدد بھارتی کوہ پیما، جن میں بی ایس ایف کی خواتین ٹیم بھی شامل ہے، کامیابی کے ساتھ ایورسٹ سر کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔

نیپال کی ایکسپیڈیشن آپریٹرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل رشی بھنڈاری نے بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ایک کوہ پیما واپسی کے دوران شدید تھکن کا شکار ہو گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے ’ٹانگوں سے محروم نہ ہوتا تو شاید ماؤنٹ ایورسٹ سر نہ کر پاتا‘

انہوں نے کہا، ’شیرپا گائیڈز نے اس کی جان بچانے کے لیے پوری رات بھرپور کوشش کی اور اسے ‘بالکنی’ سے ‘ساؤتھ کول’ تک منتقل بھی کیا، تاہم تمام کوششوں کے باوجود اسے بچایا نہ جا سکا۔‘

رشی بھنڈاری کے مطابق تقریباً اسی وقت ایک اور بھارتی کوہ پیما ارون تیواری نے شام تقریباً ساڑھے 5 بجے ایورسٹ کی چوٹی سر کی۔

انہوں نے بتایا، ’ارون تیواری کے ساتھ 2 تجربہ کار شیرپا گائیڈ موجود تھے اور وہ سب مل کر نیچے اتر رہے تھے، لیکن ‘ہلیری اسٹیپ’ کے مقام پر وہ شدید نڈھال ہو گئے اور ہمارے گائیڈ انہیں واپس لانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔‘

رپورٹس کے مطابق ارون تیواری واپسی کے دوران ‘ہلیری اسٹیپ’ کے قریب دم توڑ گئے، جہاں 4 شیرپا گائیڈ ان کی مدد کر رہے تھے۔ ایک اور بھارتی کوہ پیما سندیپ آری کو ریسکیو ٹیم کی جانب سے نیچے لایا گیا، تاہم وہ کیمپ ٹو میں جانبر نہ ہو سکے۔

ادھر نیپال کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق بدھ کے روز ایک ہی دن میں 274 کوہ پیما جنوبی بیس کیمپ کے راستے ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی تک پہنچنے میں کامیاب رہے، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس سال کوہ پیمائی کے سیزن کا آغاز تاخیر سے ہوا کیونکہ کھمبو آئس فال میں رکاوٹوں کے باعث راستہ کھولنے اور سامان کی ترسیل کے عمل میں مشکلات پیش آئیں۔

یہ بھی پڑھیے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے 10 پاکستانی

ایورسٹ تک رسائی کے لیے انتہائی اہم سمجھے جانے والے ’روپ فکسنگ‘ کا عمل 13 مئی کو مکمل ہوا، جس کے بعد رواں سال کے کوہ پیمائی سیزن کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔

نیپال حکام کے مطابق رواں سال ماؤنٹ ایورسٹ پر کوہ پیمائی کے حوالے سے نیا ریکارڈ قائم ہونے کا امکان ہے، کیونکہ اب تک 493 افراد کو ایورسٹ سر کرنے کے اجازت نامے جاری کیے جا چکے ہیں۔

یہ 1953 میں ٹنزنگ نورگے اور سر ایڈمنڈ ہلیری کی جانب سے پہلی کامیاب مہم کے بعد کسی ایک سال میں جاری کیے جانے والے اجازت ناموں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp