امریکی ریاست ایڈاہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ رش نے، جن کے پاس پہلے ہی سب سے زیادہ گنیز ورلڈ ریکارڈز رکھنے کا اعزاز حاصل ہے، ایک منٹ میں 32 ٹی شرٹس پہن کر اپنے نام ایک اور شاندار کامیابی کرلی ہے۔
ڈیوڈ اس سے قبل بھی ٹی شرٹس پہننے سے متعلق کئی منفرد ریکارڈ قائم کر چکے ہیں، جن میں 30 سیکنڈ کے دوران سب سے زیادہ شرٹس پہننا اور صرف 10 ٹی شرٹس تیزی سے پہننے کا ریکارڈ شامل ہے، تاہم اس بار انہوں نے ایک منٹ میں سب سے زیادہ شرٹس پہننے کا چیلنج قبول کیا۔
یہ بھی پڑھیں: گنیز ورلڈ ریکارڈز نے سلطان گولڈن کے 2 نئے عالمی ریکارڈ تسلیم کر لیے
اس منفرد اور مشکل ٹاسک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈیوڈ کا کہنا تھا کہ اس ریکارڈ کو توڑنے کے اپنے ہی الگ چیلنجز ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ 10 شرٹس پہننے کے بعد آپ صرف وقت کے خلاف نہیں لڑ رہے ہوتے بلکہ کپڑے کی سختی سے بھی مقابلہ کر رہے ہوتے ہیں، کیونکہ ہر نئی تہہ نیچے والے کپڑے کو دبا دیتی ہے جس کی وجہ سے بازوؤں کو ہلانا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے اور ایسا لگتا ہے جیسے آپ کسی جکڑی ہوئی جیکٹ سے کشتی لڑ رہے ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوان نے ٹوتھ پک سے 17 فٹ بلند ایفل ٹاور بنا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا
عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے کے لیے ڈیوڈ کو ایک منٹ میں 25 ٹی شرٹس پہننے کی ضرورت تھی، انہوں نے مقررہ وقت میں 35 شرٹس پہن بھی لیں لیکن گنیز ورلڈ ریکارڈز کی انتظامیہ نے ان میں سے 3 شرٹس کو نااہل قرار دے دیا۔
اس کی وجہ بتاتے ہوئے ڈیوڈ نے کہا کہ شاید بہت زیادہ شرٹس کے دباؤ کی وجہ سے ان تینوں شرٹس کے نچلے حصے کمر کی لائن سے پوری طرح نیچے نہیں جا پائے تھے، تاہم ان کا باقاعدہ سکور 32 رہا جو کہ یہ نیا عالمی اعزاز اپنے نام کرنے کے لیے کافی تھا۔











