وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نارتھ ناظم آباد، کراچی میں سیفی اسپتال کے کارڈیک ونگ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے سیفی اسپتال کے کارڈیک ونگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔

وزیر خزانہ نے کہاکہ سیفی اسپتال کا نیا کارڈیک ونگ کراچی کے عوام کو بروقت اور عالمی معیار کی امراضِ قلب کی طبی سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہاکہ نئے کارڈیک ونگ میں جدید کیتھیٹرائزیشن لیبز سمیت اعلیٰ معیار کی تشخیصی و طبی سہولیات موجود ہیں۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاکہ اسپتال صرف عمارت اور طبی آلات کا نام نہیں، ڈاکٹروں، نرسوں اور معاون عملے کی مہارت، لگن اور ہمدردی ہی اصل فرق پیدا کرتی ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق معیاری صحت کی سہولیات تک رسائی بڑھانے اور سرکاری نظام صحت پر دباؤ کم کرنے میں نجی اداروں کا کردار اہم ہے۔
انہوں نے کہاکہ کمیونٹی اقدامات اور عالمی معیار کی طبی مہارت کا امتزاج پاکستان کے شعبۂ صحت کے لیے ایک اہم ماڈل ہے۔
وزیر خزانہ نے بوہری برادری کی دیرینہ سماجی خدمات اور عوامی فلاح میں نمایاں کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں صحت کی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے اور معاشرتی فلاح کے لیے بوہری برادری کی مسلسل کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاکہ صحت کو محض سماجی اخراجات کے بجائے پاکستان کے سب سے قیمتی قومی اثاثے، یعنی عوام، میں سرمایہ کاری سمجھنا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ صحت مند آبادی زیادہ پیداواری صلاحیت، مضبوط انسانی سرمایہ اور بہتر معاشی لچک کا باعث بنتی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہاکہ انسانیت کی خدمت اور اجتماعی کاوشوں پر مبنی اقدامات معاشرے پر دیرپا اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر وزیر خزانہ نے کارڈیک ونگ کے قیام میں تعاون کرنے والی کمیونٹی، ہسپتال انتظامیہ، طبی ماہرین اور تمام متعلقہ افراد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے امید ظاہر کی کہ سیفی اسپتال کا کارڈیک ونگ کراچی میں مرکزِ امتیاز بنے گا اور ملک بھر کے دیگر اداروں کے لیے مثال قائم کرےگا۔














