خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس اور سی ٹی ڈی کی جانب سے کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 15 خارجی دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔
سینٹرل پولیس آفس کے مطابق تھانہ میریان کی حدود میں صبح سویرے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ کارروائی کی گئی۔
آپریشن کے دوران دہشتگردوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک پولیس اہلکار اور ایک ریٹائرڈ ایف سی اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ 3 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے جدید ڈرونز اور دیگر ٹیکنالوجی استعمال کی گئی۔
کارروائی کے دوران متعدد دہشتگردوں کو ہلاک اور زخمی کیا گیا، جبکہ موقع سے 10 کلوگرام وزنی دیسی ساختہ بم بھی برآمد ہوا جسے بم ڈسپوزل ٹیم نے موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا۔
دوسری جانب آئی جی پولیس ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج اور دیگر امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فرنٹ لائن پر موجود ہے اور دشمن کی ہر کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔














