بچوں کے لیے فیس بک، انسٹاگرام پر بڑا کریک ڈاؤن، روزانہ صرف 2 گھنٹے استعمال کی اجازت

جمعہ 28 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بچوں اور نوعمر افراد کو سوشل میڈیا کے ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے میٹا نے فیس بک اور انسٹاگرام کے استعمال سے متعلق سخت پابندیاں عائد کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔

میٹا نے امریکا کی 48 ریاستوں کے ساتھ تقریباً 18 ارب ڈالر کے تاریخی تصفیے کے تحت 18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے فیس بک اور انسٹاگرام پر روزانہ استعمال کی حد دو گھنٹے مقرر کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میٹا کیخلاف بچوں کو سوشل میڈیا کا عادی بنانے کا مقدمہ، اربوں ڈالر کے تصفیے پر اختتام

معاہدے کے تحت کم عمر صارفین کے لیے دونوں پلیٹ فارمز کی رسائی رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک بند رہے گی جبکہ والدین کی اجازت کے بغیر اس پابندی کو ختم نہیں کیا جاسکے گا۔

میٹا بچوں کی عمر کی تصدیق کے لیے اپنے مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام کے ساتھ ساتھ تھرڈ پارٹی ٹیکنالوجی بھی استعمال کرے گا جبکہ عمر کی جانچ کے نظام کی کارکردگی کا آزاد اداروں سے باقاعدگی سے آڈٹ بھی کرایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بچوں کی حفاظت میٹا کی ترجیح نہیں تھی، سابق انجینیئر کی عدالت میں گواہی

نئے اقدامات کے تحت نوعمر صارفین کی پوسٹس پر لائکس کی تعداد بھی بطور ڈیفالٹ چھپائی جائے گی جبکہ بعض حفاظتی فیچرز خودکار طور پر فعال ہوں گے۔

تاہم بچوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ماہرین نے ان اقدامات کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ صرف استعمال کا دورانیہ محدود کرنا سوشل میڈیا کے دیگر نقصانات کا مکمل حل نہیں۔ ناقدین کے مطابق نوجوانوں کو نقصان دہ یا لت لگانے والے مواد تک پہنچانے والے الگورتھمز پر بھی مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میٹا کا نیا اے آئی ماڈل متعارف، یہ دوسرے ماڈلز کیسے مختلف ہے؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ ماضی میں میٹا کی جانب سے متعارف کرائے گئے بعض حفاظتی فیچرز توقعات کے مطابق مؤثر ثابت نہیں ہوئے اس لیے نئے اقدامات کے نتائج سامنے آنے میں وقت لگ سکتا ہے۔

تصفیہ امریکا کی ریاستوں، ڈسٹرکٹ آف کولمبیا اور بعض امریکی علاقوں کو شامل کرتا ہے، تاہم اس کی بعض شرائط کا نفاذ عدالتی منظوری سے مشروط ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نوکری سے برطرفی کے خوف نے میٹا کی ملازمہ کو بچوں کی منصوبہ بندی ترک کرنے پر مجبور کردیا

میٹا کا کہنا ہے کہ بچوں کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی کامیابی اس وقت مزید مؤثر ہوگی جب دیگر بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، بالخصوص یوٹیوب اور ٹک ٹاک، بھی اسی نوعیت کے حفاظتی اقدامات اپنائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp